پشاور ہائیکورٹ کے 6 ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کی منظوری
چیف جسٹس آف پاکستان کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس ختم ہو گیا، جس میں پشاور ہائیکورٹ کے 6 ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے جبکہ 4 ایڈیشنل ججز کی مدت میں توسیع دینے کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پشاور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل ججز سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن نے جسٹس طارق آفریدی اور جسٹس عبدالفیاض کو مستقل جج بنانے کی سفارش کی ہے۔
اسی طرح جسٹس صلاح الدین، جسٹس صادق اور جسٹس مدثر کو بھی مستقل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ جسٹس قاضی جواد احسان اللہ کو بھی پشاور ہائیکورٹ کا مستقل جج مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
اجلاس میں 4 ایڈیشنل ججز کی مدت میں 6 ماہ کی توسیع کی بھی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق ایڈیشنل جسٹس فرح جمشید اور جسٹس انعام اللہ کی مدت میں توسیع کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ ایڈیشنل جسٹس صبغت اللہ اور جسٹس اورنگزیب کو بھی توسیع دینے کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کی سفارشات صدر مملکت کو بھجوائی جائیں گی، جن کی منظوری کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔














