بگ بیش لیگ: زمان خان کی شاندار بولنگ، اپنی ٹیم کو ہارا ہوا میچ جتوادیا

پاکستان کے زمان خان نے آخری اوور میں 6 رنز کا کامیابی سے دفاع کیا
شائع 14 جنوری 2026 07:26pm

بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں برسبین ہیٹ کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی فاسٹ بولر زمان خان نے آخری اوور میں اپنی ٹیم کو کامیابی دلوادی، ہوبارٹ ہریکینز کو میچ جیتنے کے لیے آخری اوور میں 6 رنز درکار تھے تاہم زمان خان شاندار بولنگ کی بدولت 6 رنز بچانے میں کامیاب رہے اور صرف 2 رنز دیے۔

بگ بیش لیگ میں برسبین ہیٹ نے ہوبارٹ ہریکینز کے خلاف آخری اوور میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین رنز سے کامیابی حاصل کر لی، جس کے بعد ہیٹ کی پلے آف مرحلے میں رسائی کی امیدیں برقرار ہیں۔

160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہوبارٹ ہریکینز کی ٹیم ایک موقع پر مکمل کنٹرول میں دکھائی دے رہی تھی۔ بین میک ڈرموٹ نے 36 گیندوں پر 59 جب کہ بیو ویبسٹر نے 43 گیندوں پر 51 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں۔

15 ویں اوور میں ہوبارٹ کا اسکور 2 وکٹوں پر 124 رنز تھا اور ٹیم کو فتح کے لیے آخری 4 اوورز میں صرف 25 رنز درکار تھے تاہم میچ کے آخری لمحات میں ہوبارٹ ہریکینز کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر بکھر گئی اور 13 گیندوں کے اندر 7 رنز پر 4 وکٹیں گر گئیں۔

آخری اوور میں ہوبارٹ کو 6 رنز درکار تھے، جہاں پاکستانی فاسٹ بولر زمان خان نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے صرف 2 رنز دیے. زمان خان نے پہلی گیند ڈاٹ کرائی، دوسرے پر سنگل اسکور ہوا، تیسری اور چوتھی گیند پھر ڈاٹ ہوئی جب کہ پانچویں گیند پر زمان خان نے وکٹ نکھل چوہدری کی وکٹ حاصل کی اور آخری گیند  پر صرف سنگل اسکور ہوا۔

ہوبارٹ ہریکینز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنا سکی اور یوں زمان خان نے 6 رنز کا کامیابی سے دفاع کرکے اپنی ٹیم  برسبین ہیٹ کو بظاہر ہارا ہوا میچ جتوا دیا۔

برسبین ہیٹ کی جانب سے زیویئر بارٹلیٹ نے 44 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں اور 19 ویں اوور میں صرف 5 رنز دے کر میچ کا رخ موڑ دیا جب کہ میتھیو کوہن مین کو 2 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جنہوں نے 16 ویں اوور میں بین میک ڈرموٹ کو بولڈ کیا۔

اس شکست کے بعد ہوبارٹ ہریکینز پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے اور ہوم فائنل کھیلنے کا موقع گنوا بیٹھے ہیں جب کہ اب پرتھ اسکورچرز یا میلبورن اسٹارز انہیں پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔

دوسری جانب اس کامیابی کے بعد برسبین ہیٹ پانچویں سے چوتھی پوزیشن پر آ گئی ہے اور فائنلز میں جگہ بنانے کی دوڑ میں برقرار ہے۔

اس سے قبل برسبین ہیٹ کی اننگز کا آغاز سست رہا اور ٹیم پہلی باؤنڈری 16ویں گیند پر لگا سکی۔ بین میکسوینی نے 32 گیندوں پر 49 اور میتھیو رینشا نے 25 گیندوں پر 37 رنز بنائے، تاہم آخری تین اوورز میں ہیٹ نے 13 رنز پر 4 وکٹیں گنوا دیں۔ ہوبارٹ کی جانب سے رائلی میریڈتھ نے 3 جبکہ رشاد حسین اور ناتھن ایلس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

Big Bash League

t20 cricket

brisbane heat

zaman khan

bbl

bbl 2025

hobart hurricanes

brisbane heat vs hobart hurricanes