ٹرمپ انتہائی ناقص کھانا کھاتے ہیں پتہ نہیں کیسے زندہ ہیں: امریکی وزیرِ صحت
امریکی وزیر صحت رابرٹ کینیڈی جونیئر نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بالخصوص سفر کے دوران نہایت ناقص اور غیر صحت بخش غذا استعمال کرتے ہیں، تاہم اس کے باوجود وہ غیر معمولی طور پر متحرک اور صحت مند نظر آتے ہیں۔
امریکی وزیر صحت رابرٹ کینیڈی جونیئر نے انفلوئنسر کیٹی ملر کے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کھانا عمومی طور پر ناقص ہوتا ہے، لیکن جب وہ سفر پر ہوتے ہیں تو ان کی خوراک مزید غیر معیاری ہو جاتی ہے۔
رابرٹ کینیڈی جونیئر کے مطابق صدر ٹرمپ بنیادی طور پر سکیورٹی خدشات کے باعث فاسٹ فوڈ استعمال کرتے ہیں، کیونکہ وہ بڑی کمپنیوں کی تیار کردہ مصنوعات پر زیادہ اعتماد کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ سفر کے دوران بیمار نہیں ہونا چاہتے، اسی لیے وہ ایسی غذا کو ترجیح دیتے ہیں جسے وہ محفوظ سمجھتے ہیں۔
امریکی وزیرِ صحت نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی شخص صدر ٹرمپ کے ساتھ سفر کرے تو اسے اندازہ ہوگا کہ وہ دن بھر ایسی چیزیں کھاتے رہتے ہیں جو صحت کے لیے نقصان دہ سمجھی جاتی ہیں، اور یہ حیران کن ہے کہ وہ اس کے باوجود کیسے متحرک رہتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں رابرٹ کینیڈی جونیئر نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کھانے پینے کی سب سے عجیب عادات رکھنے والے شخص ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ صدر ٹرمپ اس طرزِ زندگی کے ساتھ کیسے زندہ ہیں، تاہم حقیقت یہ ہے کہ وہ بالکل صحت مند ہیں۔
وزیر صحت نے مزید کہا کہ جب صدر ٹرمپ فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ مار-اے-لاگو یا وائٹ ہاؤس میں ہوتے ہیں تو وہ عام طور پر بہتر اور معیاری کھانا کھاتے ہیں۔
گفتگو کے اختتام پر رابرٹ کینیڈی جونیئر نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شاندار صحت کا مالک قرار دیا۔














