مایا خان لائیو شو میں رو پڑیں، وجہ کیا تھی؟

'دل کی بات زبان پر آتے ہی ضبط کا بندھن ٹوٹ گیا'، مایا خان
شائع 15 جنوری 2026 02:00pm

معروف پاکستانی اداکارہ اور میزبان مایا خان حال ہی میں ایک لائیو ٹی وی شو کے دوران جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور ان کی آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے، جب وہ اپنے قریبی اور مخلص دوستوں کے بارے میں بات کر رہی تھیں۔

مایا خان نے نجی ٹی وی چینل کے ایک مارننگ شومیں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی میں دوستوں کی اہمیت پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔

گفتگو کے دوران مایا خان نے کہا کہ وہ خود کو خوش نصیب سمجھتی ہیں کہ ان کے اردگرد ایسے دوست موجود ہیں جو ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔

ان کے مطابق یہ دوستی ان کے لیے اللہ کی ایک خاص نعمت ہے اور یہی سوچ انہیں بار بار جذباتی کر دیتی ہے۔

مایا خان نے کہا کہ انہیں یہ احساس بہت رُلا دیتا ہے کہ ان کے ارد گرد ایسے دوست ہیں، جوصرف ایک فون کال پر ان کے لیے حاضر ہو جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دوستوں کا ہر وقت ساتھ ہونا ضروری نہیں، مگر مشکل وقت میں ان کا موجود ہونا سب سے بڑی دولت ہے۔

اداکارہ نے شو کے دوران اپنی جذباتی کیفیت پر ناظرین اور میزبان سے معذرت بھی کی اور کہا کہ وہ اپنے آنسوؤں سے سب کو جذباتی کرنا نہیں چاہتی تھیں، مگر دل کی بات زبان پر آتے ہی ضبط کا بندھن ٹوٹ گیا۔

یاد رہے کہ مایا خان نے حالیہ برسوں میں ڈرامہ انڈسٹری میں کامیاب واپسی کی ہے۔ 2024 میں ڈرامہ ’مائی ری‘ کے ذریعے ان کی کم بیک کو بے حد سراہا گیا، جبکہ ’کبھی میں کبھی تم‘ اور’بڑے بھیّا‘ میں ان کی اداکاری نے بھی خوب داد سمیٹی۔

اس کے علاوہ وہ ایک کامیاب بزنس وومن اور رائٹر بھی ہیں اور جلد یوٹیوب پر ڈیجیٹل کنٹینٹ کے ذریعے اپنے مداحوں سے جڑنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

MAYA KHAN

cry

Live Show

Pakistani television celebrity