اسپین میں دو ٹرین آپس میں ٹکرا گئیں، 21 افراد ہلاک

حادثے کے بعد 75 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے 15 کی حالت تشویشناک ہے
شائع 19 جنوری 2026 09:11am

جنوبی اسپین میں اتوار کی شام ایک تیز رفتار ٹرین پٹری سے اتر کر سامنے آنے والی دوسری ٹرین سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہو گئے۔

رائٹرز کے مطابق یہ حادثہ صوبہ قرطبہ کے علاقے آداموز کے قریب پیش آیا، جو دارالحکومت میڈرڈ سے تقریباً 360 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔

اندلس کی علاقائی حکومت کے سربراہ خوانما مورینو نے پیر کی صبح صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ 75 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے 15 کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھے کا امکان ہے

مورینو کے مطابق حادثے کی شدت بہت زیادہ تھی، ہمیں مزید لاشیں مل سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تباہ شدہ ٹرینوں کے ملبے کو ہٹانے اور متاثرین کو تلاش کرنے کے لیے بھاری مشینری استعمال کرنا پڑے گی۔

اخبار ال پائیس نے رپورٹ کیا کہ میڈرڈ سے ہوئیلوا جانے والی ٹرین کا 27 سالہ ڈرائیور بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہے۔

دونوں ٹرینوں میں مجموعی طور پر تقریباً 400 مسافر سوار تھے، جن میں اکثریت ہسپانوی شہریوں کی تھی جو ہفتے کے اختتام کے بعد میڈرڈ آ جا رہے تھے۔

اخبار کی رپورٹ کے مطابق ریاستی ادارے رینفے کے زیرِ انتظام ہوئیلوا جانے والی دوسری ٹرین ٹکر کے وقت تقریباً 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھی۔ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ پہلی ٹرین پٹری سے اترتے وقت کس رفتار پر تھی۔

ہسپانوی وزیرِ ٹرانسپورٹ اوسکار پوئینتے نے میڈرڈ کے آتوچا اسٹیشن پر پریس کانفرنس میں بتایا کہ حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ سیدھی پٹری سے ٹرین کا اترنا واقعی عجیب ہے، اور بتایا کہ اس حصے کی پٹری کی تجدید مئی میں کی گئی تھی۔

حکام کے مطابق حادثہ شام 7 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا تھا، جو اس وقت سے تقریباً 10 منٹ بعد تھا جب آئیریو کی ٹرین قرطبہ سے میڈرڈ کی جانب روانہ ہوئی تھی۔

Spain

collided

21 died

trains accident

2 high speed trains