پی ایس ایل کی نئی فرنچائز ’سیالکوٹ‘ نے اپنے آفیشل نام کا اعلان کردیا
پاکستان سپر لیگ کی نئی فرنچائز ’سیالکوٹ‘ نے بالآخر اپنے آفیشل نام ’سیالکوٹ اسٹالینز‘ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اعلان کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ میں ایک معروف اور کامیاب نام کی واپسی عمل میں آ گئی ہے، جسے شائقین کرکٹ ایک طویل عرصے سے دوبارہ دیکھنے کے منتظر تھے۔
فرنچائز کے مالک حمزہ مجید نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسٹالینز صرف ایک نام نہیں بلکہ سیالکوٹ کی کرکٹ تاریخ کا حصہ اور ایک مضبوط شناخت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس نام کا انتخاب سیالکوٹ میں کرکٹ کی روایت کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور شائقین کی دیرینہ خواہش کو پورا کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق اسٹالینز کا نام شہر کے وقار، جذبے اور ماضی کی کامیابیوں کی نمائندگی کرتا ہے۔
سیالکوٹ اسٹالینز ماضی میں پاکستان کی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی سب سے کامیاب ٹیموں میں شمار ہوتی رہی ہے۔
2004 میں قائم ہونے والی اس ٹیم نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں 2005 سے 2010 تک مسلسل پانچ ٹائٹل جیت کر ایک منفرد ریکارڈ قائم کیا۔
اس دوران ٹیم نے اعلیٰ سطح کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں لگاتار 25 میچز جیتنے کا عالمی ریکارڈ بھی بنایا۔
2012 میں اسٹالینز کو چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کی دعوت ملنا بھی سیالکوٹ کی کرکٹ تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل سمجھا جاتا ہے۔
اب پی ایس ایل 11 میں لیگ کی آٹھویں ٹیم کے طور پر سیالکوٹ کی شمولیت کے بعد شہر میں جوش و خروش پایا جاتا ہے۔
فرنچائز انتظامیہ کے مطابق ٹیم کے نام کے لیے مختلف تجاویز زیر غور تھیں، تاہم، اسٹالینز کے نام کو ہی منتخب کیا گیا تاکہ ماضی کی کامیاب روایت کو نئے دور سے جوڑا جا سکے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں ٹیم کے لوگو، کٹ اور کھلاڑیوں کے انتخاب سے متعلق تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔
ٹیم کے شریک مالک کامل خان نے بتایا کہ فرنچائز ایک متوازن اور مضبوط اسکواڈ بنانے پر توجہ دے رہی ہے جس میں بین الاقوامی معیار کے کھلاڑیوں کے ساتھ مقامی ٹیلنٹ کو بھی بھرپور موقع دیا جائے گا۔
پی ایس ایل 11 کے نئے ڈرافٹ سسٹم اور انتظامی تبدیلیوں کے تحت سیالکوٹ اسٹالینز دیگر ٹیموں کی طرح بہترین کھلاڑیوں کے حصول کے لیے بھرپور حکمت عملی اپنائے گی۔
سیالکوٹ اسٹالینز کی واپسی کو محض ایک نئی ٹیم کا اعلان نہیں بلکہ ایک شاندار کرکٹ ورثے کی بحالی قرار دیا جا رہا ہے۔
شائقین کرکٹ کی نظریں اب پی ایس ایل 11 پر جمی ہیں، جہاں اسٹالینز ایک بار پھر میدان میں اتر کر اپنی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔















