متحدہ عرب امارات میں سردی کی شدت، درجہ حرارت 0.2 ڈگری ریکارڈ

شہریوں کو محتاط رہنے اور سردی سے بچنے کے لیے مناسب لباس پہننے کی ہدایت
شائع 22 جنوری 2026 01:03pm

یو اے ای میں موسم نے ایک بار پھر سرد ہونے کی جانب رخ کیا ہے اور آج صبح جبل جیس میں درجہ حرارت 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو اس موسم کی سب سے سرد صبح ثابت ہوئی۔ نیشنل سینٹر آف میٹیرولوجی کے مطابق یہ درجہ حرارت صبح پانچ بج کر 45 منٹ پر ماپا گیا۔

محکمہ موسمیات نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ جنوری کے دوسرے نصف میں ملک میں سردی کی شدت بڑھ سکتی ہے۔ اس دوران ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

یو اے ای میں یہ پہلی بار نہیں کہ شدید سردی دیکھی گئی ہو۔ 2021 میں بعض علاقوں میں درجہ حرارت صفر سے نیچے جا پہنچا تھا، جس میں رکناہ میں -1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ تاہم، اس کے باوجود یہ ملک کی اب تک کی کم ترین درجہ حرارت سے کافی زیادہ ہے، جو 3 فروری 2017 کو جبل جیس کی چوٹی پر -5.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی تھی۔

اُسی سال 4 فروری کو بھی اسی پہاڑی سلسلے میں درجہ حرارت -3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا تھا۔

جبل جیس کے بلند ترین حصے پر، جو 5,700 فٹ کی بلندی پر واقع ہے، 24 جنوری 2009 کو پانچ کلومیٹر سے زائد رقبے پر برف باری ہوئی تھی۔ اس کی وجہ سے علاقے میں سردی کی شدت اور بڑھ گئی تھی اور موسم نے پہاڑوں پر سفید چادر بچھا دی تھی۔

ملک میں سردی کے اس اثر سے شہریوں کو محتاط رہنے اور مناسب لباس پہننے کی ہدایت کی گئی ہے، کیونکہ درجہ حرارت میں یہ غیر معمولی کمی لوگوں کی روزمرہ زندگی پر اثر ڈال سکتی ہے۔