نجی کالج کے سی ای او کا اغوا؛ ’ملزمان نے سی سی ڈی کے خوف سے رہا کیا‘

ملزمان کے قریب پہنچ گئے ہیں،جلد گرفتار کرلیں گے، سی سی ڈی
اپ ڈیٹ 24 جنوری 2026 12:15pm

لاہور کے جوہر ٹاؤن سے نجی کالج کے اغوا ہونے والے سی ای او عابد وزیر خان کو اغواء کاروں نے رہا کردیا۔

ذرائع کے مطابق مغوی کو اس شرط پر چھوڑا گیا کہ وہ واقعہ کی اطلاع سی سی ڈی (سینٹرل کمانڈ ڈیسک) کو نہیں دے گا۔

عابد وزیر نے بتایا کہ اغوا کاروں نے کہا تاوان نہ دیں بلکہ ہم سے بھی پیسے لے جائیں اورانہیں بس پر بٹھا کر کرایہ بھی ادا کیا۔

مغوی کے ورثا سے ملزمان نے 16 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا، لیکن سی سی ڈی کے قریب پہنچنے کے باعث انہیں عابد وزیر کو چھوڑنا پڑا۔

سی سی ڈی حکام نے بتایا کہ ملزمان کے قریب پہنچ گئے ہیں اور جلد گرفتار کر لیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن سے معروف تعلیمی ادارے کپس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عابد وزیر خان کو نامعلوم افراد نے اغواء کر لیا تھا۔ واقعے کے فوری بعد پولیس نے مغوی کے بھائی طاہر وزیر خان کی مدعیت میں اغواء کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

جوہر ٹاؤن پولیس کے مطابق مقدمہ تھانہ جوہر ٹاؤن میں درج کیا گیا اور اس کا اندراج ایف آئی آر ریکارڈ میں شامل ہے۔ مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف اغواء کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔

ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ اغواء کے وقت عابد وزیر خان اپنے دفتر سے اپنی گاڑی پر روانہ ہوئے تھے۔ چند ہی لمحوں بعد تعلیمی ادارے کی جنرل مینیجر کو فون کال موصول ہوئی، جس کے دوران گاڑی کے شیشے پر کسی کے ہاتھ کی آواز سنائی دی اور ایک شخص نے کہا کہ ’تم نے میری گاڑی کے ساتھ ایکسیڈنٹ کیا ہے‘۔

اس کے فوراً بعد کال اچانک منقطع ہو گئی اور عابد وزیر خان سے دوبارہ رابطہ ممکن نہ ہو سکا۔

درخواست دہندہ نے ایف آئی آر میں خدشہ ظاہر کیا کہ مغوی کو نامعلوم افراد اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ مقدمہ فی الحال نامعلوم افراد کے خلاف درج ہے، تاہم شواہد کی روشنی میں ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور تفتیش جاری ہے۔