صدرِ مملکت نے پارلیمنٹ سے منظور 7 اہم بلوں کی منظوری دے دی

صدر کی توثیق کے ساتھ ہی ساتوں بلز قانون بن گئے، جو فوری نافذ العمل ہوں گے۔
شائع 26 جنوری 2026 07:24pm

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ سے منظور ہونے والے 7 اہم بلوں کی منظوری دے دی ہے، جن میں قومی ٹیرف کمیشن ترمیمی بل 2026 سمیت دیگر بلز شامل ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کی توثیق کے ساتھ ہی ساتوں بلز قانون بن گئے، جو فوری نافذ العمل ہوں گے جب کہ قانون بننے والے بلوں میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے منظور ہونے والے 3 بلز بھی شامل ہیں۔

منظور ہونے والے بلوں میں نیشنل ٹیرف کمیشن ترمیمی بل 2026 اور ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ ترمیمی بل 2026 شامل ہیں۔ اسی طرح ریلوے کی منتقلی سے متعلق ترمیمی بل 2026 کی توثیق، گھریلو تشدد کی روک تھام اور تحفظ سے متعلق بل 2026 اور دانش سکولز اتھارٹی بل 2026 کی منظوری دی گئی۔

دوسری جانب انکم ٹیکس ترمیمی بل 2026 نافذ کرنے کی منظوری بھی دی گئی اور نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق ترمیمی بل 2026 کی توثیق بھی کی گئی۔