نانی کا گھر زیادہ اپنا کیوں لگتا ہے، دادی کے گھر سے دوری کی وجہ کیا ہے؟
بچوں کی ترجیحات میں اکثر ایک دلچسپ رجحان دیکھا گیا ہے کہ وہ نانی کے گھر جانا زیادہ پسند کرتے ہیں اور وہاں زیادہ سکون محسوس کرتے ہیں، جبکہ دادی کے گھر محبت وہی ہوتی ہے مگر فضا تھوڑی محتاط لگتی ہے۔ یہ معاملہ محض روایتی محبت یا ’دل کو خوش کرنے‘ کی بات نہیں، بلکہ نفسیاتی طور پر جذبات سے جڑا ہوا ہے۔
کسی بھی جذباتی یا ذہنی رجحان یا پسند ناپسند کو جاننے کے لیے اس کے حقائق تک پہنچنا بہت اہم ہے۔ اس معاملے میں بھی ہمیں جاننا ہوگا کہ ماہرین نفسیات اس بارے میں کیا کہتے ہیں؟
ماہرینِ نفسیات کہتے ہیں کہ ابتدائی سالوں میں ”ماں“ بچے کے لیے بنیادی جذباتی سہارا ہوتی ہے۔ ماں کی محبت، سنبھالنے کا انداز اور بات کرنے کا طریقہ بچے کے ذہن میں حفاظت کا احساس پیدا کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ جگہ جہاں ماں خود جذباتی طور پر پرسکون ہوتی ہے، بچے کو بھی محفوظ محسوس ہوتی ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق ڈاکٹر شلپا شرما بچوں کی نفسیات کی ماہرکہتی ہیں، ”بچے عموماً اُس خاندانی ماحول سے زیادہ جُڑ جاتے ہیں جہاں ان کا بنیادی دیکھ بھال کرنے والا شخص جذباتی طور پر مطمئن ہو۔ یہ سکون اکثر عورت والدین کے گھر میں زیادہ محسوس کرتی ہے۔“
ابتدائی زندگی میں بچے اکثر نانی کے گھر وقت گزارتے ہیں، جیسے ماں کی حمل کے دوران، پیدائش کے بعد کی دیکھ بھال، اور بچپن کے ابتدائی دن یا مہینے۔ یہ ابتدائی دور میں نانی کے گھررہنا صرف عارضی سکونت نہیں ہوتی بلکہ جذباتی یادوں کے لیے اہم ترین وقت ہوتا ہے۔ ڈاکٹر شرما کے مطابق، بچے کو واقعات یاد نہیں رہتے لیکن جذباتی تجربہ ہمیشہ باقی رہتا ہے۔
ماں اکثر خاندان کے روابط قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ وہ ملاقاتیں ترتیب دیتی ہیں، باتیں کرتی ہیں اور خاندان کی چھوٹی بڑی تقریبات یاد رکھتی ہیں۔ اسی وجہ سے بچوں کو ایسی جگہ زیادہ پسند آتی ہے جہاں بات چیت کھل کر ہوتی ہے اور جذبات کو سمجھا جاتا ہے۔
بچوں کو اکثر والد کے گھر وہ سب ماحول اور آذادی محسوس نہیں ہوتی، بلکہ دادی کے گھرکو وہ ایسی جگہ محسوس کرتے ہیں جہاں اصول اور نظم سکھائے جاتے ہیں اوریہی وجہ ہے کہ جذباتی طور پر وہ زیادہ راحت محسوس نہیں کرتے۔
بچے خود بخود ان جگہوں کو الگ پہچانتے ہیں جہاں وہ ”رہ سکتے ہیں“ اور جہاں انہیں ہر وقت اپنے رویے کی وضاحت کرنی پڑتی ہے۔
یہ بات ہر گھر کے لیے یکساں نہیں، بہت سے بچے دادی کا گھرجزباتی طور پر قریب محسوس کرتے ہیں، خاص طور پر اگر والدین کی مصروفیات جاب یا باہر کام کے سلسلے میں زیادہ نہ ہوں اور بچے زیادہ تر وقت والدین کے ساتھ رہتے ہوں یا والدین جذباتی طور پر کھل کر پیار کا اظہار کرتے ہوں اور بچے کی سائیکی سمجھتے ہوں۔
زیادہ تر بچے نانی کے گھر کی طرف اسی لیے مائل ہوتے ہیں کیونکہ وہاں انہیں جذباتی تحفظ ملتا ہے، بات چیت آسان ہوتی ہے اور انہیں اپنے آپ کو ثابت کرنے یا وضاحت کی ضرورت نہیں پڑتی۔ جیسا ایک شخص نے نانی کے گھر کے لئے کہا کہ “میں نانی کے گھر اس لیے جاتا ہوں کہ وہاں مجھے اپنی باتوں کی وضاحت نہیں کرنی پڑتی۔ اور کبھی کبھی یہی سب سے بڑی قربت ہوتی ہے۔“
















