پاکستان ہائی کمیشن لندن میں عالمی منظر نامے پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے موضوع پر مباحثہ

ڈاکٹر محمد فیصل نے خارجہ پالیسی کے خدوخال، معاشی اصلاحات کے ایجنڈے اور نوجوانوں کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔
شائع 29 جنوری 2026 08:06pm

پاکستان ہائی کمیشن لندن نے لندن اسکول آف اکنامکس اینڈ پولیٹیکل سائنس کی اسٹوڈنٹس یونین پاکستان ڈویلپمنٹ سوسائٹی کے اشتراک سے عالمی منظرنامے پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے عنوان سے مباحثے کا انعقاد کیا ہے۔

اس مکالماتی نشست میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل، لندن اسکول آف اکنامکس کے مختلف شعبہ جات میں زیرِ تعلیم طلبہ اور پاکستان ہائی کمیشن کے افسران نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ برطانیہ کی ممتاز درسگاہوں بشمول کنگز کالج، امپیریل کالج، کوئین میری یونیورسٹی، وارک یونیورسٹی اور یونیورسٹی کالج آف لندن کے طلبا بھی شریک ہوئے۔

پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ پاکستان اپنی اہم جغرافیائی وقوع، ابھرتی ہوئی معیشت، سرمایہ کاری کے وسیع مواقع، مضبوط دفاعی صلاحیتوں اور نوجوان آبادی کی بدولت عالمی سطح پر غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ بھارت کے ساتھ تصادم کے دوران معرکہ حق اور آپریشن بنیانُ المرصوص میں پاکستان کی کامیابی کو پوری دنیا نے تسلیم کیا، جہاں پوری قوم نے اتحاد و یکجہتی کے ساتھ حجم اور وسائل کے حوالے سے بڑے دشمن کو شکست دی۔

پاکستانی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ پاکستان کی قیادت نے ترقی پسند اور خود انحصاری پر مبنی پالیسیوں کے ذریعے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستانی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جدید مہارت اور علم سے خود کو آراستہ کریں تاکہ تیزی سے بدلتے اور چیلنجز سے بھرپور عالمی ماحول میں پاکستان کی مؤثر خدمت کر سکیں۔

مباحثے کی نشست کے دوران طلبا نے حصہ لیا، جس میں ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کے خدوخال، معاشی اصلاحات کے ایجنڈے اور پاکستان کی خوشحالی میں نوجوانوں کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔