لاہور: پستول سے کھیلتے ہوئے گولی چل گئی، بچہ جاں بحق، دوسرا زخمی

ملزم اور ہلاک اور زخمی ہونے والا تینوں بھائی ہیں، پولیس
شائع 30 جنوری 2026 11:58am

لاہور کے علاقے باغبانپورہ کے ایک گھر میں پستول سے کھیلتے ہوئے بچوں سے گولی چل گئی، حادثے میں ایک بچہ جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ احمد ٹاؤن میں پیش آیا جہاں تین کم سن بھائی گھر میں موجود تھے۔ پندرہ سالہ عمر، چودہ سالہ وارث اور نو سالہ محمد آذان نے گھر میں موجود پستول کھیلنے کے لیے اٹھا لیا۔ اس دوران کھیل ہی کھیل میں چودہ سالہ وارث کے ہاتھ سے حادثاتی طور پر فائر ہو گیا، جس کی زد میں اس کے دو بھائی عمر اور آذان آ گئے۔

پندرہ سالہ عمر کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے شالیمار اسپتال منتقل کیا گیا، بعد ازاں اس کی حالت تشویشناک ہونے پر جنرل اسپتال لے جایا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ فائرنگ کے واقعے میں نو سالہ محمد آذان شدید زخمی ہو گیا جس کا علاج جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور چودہ سالہ وارث کو حراست میں لے کر تفتیش کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے بچے اور ملزم تینوں آپس میں بھائی ہیں، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ پستول گھر میں کس کی ملکیت تھا اور اس تک بچوں کی رسائی کیسے ممکن ہوئی۔

پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گھروں میں اسلحہ محفوظ مقامات پر رکھا جائے تاکہ ایسے افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے۔