گلوکار عالمگیر کا پاکستان بنگلا دیش تعلقات کی بہتری پر خوشی کا اظہار

عالمگیر نے دل کی بات کہہ دی۔
شائع 30 جنوری 2026 12:24pm

پاپ سنگر عالمگیر نے پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تعلقات کی بحالی پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس لمحے کا برسوں سے انتظار تھا۔

واضح رہے کہ 14 سال تک بند ہو جانے کے بعد پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان براہِ راست پروازیں دوبارہ بحال ہو گئی ہیں، جو دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کا واضح اشارہ ہے۔

نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئےعالمگیرنے کہا کہ وہ برسوں سے منتظر تھے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تعلقات خوشگوار ہوجائیں۔

عالمگیر نے کہا، ’میں بنگالی ضرور ہوں لیکن ایک محب وطن پاکستانی بھی ہوں۔ پاکستان نے مجھے بے پناہ محبت دی ہے۔‘

عالمگیر نے اس بات پربھی خوشی کا اظہار کیا کہ 50 سال بعد بھی آج کا نوجوان ان کے گانے گنگنا رہا ہے۔

مزید براں، عالمگیر نے نوجوان گلوکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ کلاسیکی گائیکی سیکھ کر موسیقی کی بنیاد مضبوط کریں اوراس کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کریں تاکہ ہمیشہ کے لیے یادگار اور دلکش گانے تخلیق کیے جا سکیں۔