عوام کے لیے بُری خبر: بجلی مہنگی کردی گئی

نیپرا نے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
شائع 06 فروری 2026 10:55pm

بجلی صارفین کے لیے برُی خبر ہے کہ بجلی 28 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ایک ماہ کے لیے بجلی 28 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی ہے اور اس حوالے سے نیپرا نے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی مہنگی کی گئی ہے اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ فروری کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔

اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے صارفین پر ہو گا لیکن لائف لائن صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر اضافے کا اطلاق نہیں ہو گا۔

سرکاری ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے ٹیرف کو یکساں کرنے کا فیصلہ

دوسری جانب سرکاری ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے ٹیرف کو یکساں کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ کابینہ کی منظوری سے یونیفارم ٹیرف پر نظرثانی کی درخواست نیپرا میں دائر کردی گئی ہے۔

بجلی ٹیرف میں رد و بدل سے متعلق حکومت کی درخواست پر اتھارٹی کا سماعت کا فیصلہ آگیا، درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ بجلی کے فکسڈ چارجز شامل کرنے کی پالیسی گائیڈ لائنز زیرغورہے اور ٹیرف ڈیفرینشل سبسڈی 249 ارب روپے برقرار رکھنے کی تجویزہے، نیپرا اتھارٹی وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت 10 فروری کو کرے گی۔