ٹی 20 ورلڈ کپ: نیدرلینڈز کے خلاف بیٹنگ لائن فلاپ، فہیم اشرف نے ہارا ہوا میچ جتوا دیا
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے ہارا ہوا میچ جتوا دیا۔ قومی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.5 اوورز میں 147 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستانی اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا لیکن بظاہر آسان دکھنے والی ٹیم نیدرلینڈز کے خلاف قومی ٹیم فلاپ دکھائی دی۔
نیدر لینڈ کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں 27 رنز پر صائم ایوب 13 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا تھا۔
پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا بھی 53 کے مجموعے پر صرف 12 رنز بنا کر آریان دت کا شکار بنے۔ اس کے بعد صاحبزادہ فرحان 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عثمان خان صفر پر بولڈ ہوگئے، دونوں کو پال وین میکرین نے ایک ہی اوور میں آؤٹ کیا تھا۔ اگلے ہی اوور میں وین ڈر مرفی نے بابر اعظم کو کیچ آؤٹ کر لیا۔
محمد نواز 13 گیندوں پر 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شاداب خان 12 گیندوں پر 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔
پاکستان کی سات وکٹیں گرنے کے بعد فہیم اشرف میدان میں آئے جنہوں نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 گیندوں پر 3 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 29 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور ٹیم کو ورلڈکپ میں پہلی فتح سے ہمکنار کرایا۔
میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد فہیم اشرف کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔
نیدرلینڈ کی اننگز
نیدرلینڈ کی جانب سے مائیکل لیوٹ 24، میکس او داؤد 5، کولن ایکر مین 20، باس ڈی لیڈ 30، کپتان اسکاٹ ایڈروڈز 37، لوگن وین بیک صفر، زیک لائن کیشے 9، وینڈر مروا 4، آریان دت 13 اور پال وین میکران بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تھے۔
جبکہ قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر سلمان مرزا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اسپنر محمد نواز، ابرار احمد اور صائم ایوب نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین آفریدی ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے نیدرلینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، بابر اعظم اور عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان گروپ اے میں روایتی حریف بھارت کے ساتھ شامل ہے جس کے ساتھ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول میچ بنگلادیش کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھیلنے سے انکار کر رکھا ہے۔ پاکستان اپنے تمام میچز سری لنکا میں ہی کھیلے گا۔
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کے ٹائٹل کے لیے 20 ٹیمیں ان ایکشن ہوں گی۔ میگا ایونٹ کے بھارت اور سری لنکا مشترکہ میزبان ہیں۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں کل 55 میچز ہوں گے جبکہ فائنل 8 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔