اسلام آباد خودکش دھماکے میں شہید ہونے والوں کی نمازِ جنازہ ادا

اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس و قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر الرٹ رہے
شائع 07 فروری 2026 12:04pm

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خودکش دھماکے کے شہدا کی نمازِ جنازہ امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ اور امام بارگاہ جامع صادق (جی 9) میں ادا کردی گئی ہے۔ امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں گیارہ شہدا جبکہ امام بارگاہ جامع صادق میں تین شہداء کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی ہے۔

نمازِ جنازہ کے موقع پر وفاقی وزراء، تمام مکاتبِ فکر کے جید علمائے کرام، سیاسی رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کل 43 شہدا کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔

شہداء کی میتیں جب نمازِ جنازہ کے لیے لائی گئیں تو فضا رقت آمیز ہو گئی، ہر طرف آہیں اور سسکیاں سنائی دیتی رہیں اور سوگوار اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔

امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں نمازِ جنازہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ حسین مقدسی نے پڑھائی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس و قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر الرٹ رہے۔

دوسری جانب امام بارگاہ جامع صادق، جی نائن میں شہداء کی نمازِ جنازہ آغا شیخ محمد شفا نجفی نے پڑھائی، جس میں اپوزیشن لیڈر، آئی جی اسلام آباد، سیاسی و مذہبی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جنازہ گاہ کے اطراف بھی سخت سیکیورٹی انتظامات نافذ کیے گئے تھے۔

شرکا نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی، جبکہ مطالبہ کیا گیا کہ دہشت گردی کے ذمہ داروں کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔