لاہور میں بسنت کے دوران حادثات، ایک بچہ جاں بحق، دوسرا زخمی

ایک واقعہ شاہدرہ اور دوسرا ڈیفنس سی کے علاقے میں پیش آیا
شائع 08 فروری 2026 09:15am

لاہور کے علاقے شاہدرہ میں بسنت کے دوران افسوس ناک حادثات بھی پیش آئے ہیں جن میں ایک بچہ جان کی بازی ہار گیا جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت دس سالہ عمار کے نام سے ہوئی ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق عمار پتنگ لوٹنے کے دوران گھر کی چھت سے نیچے گر گیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا اور جانبر نہ ہو سکا۔

واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی مکمل کی اور لاش کو قانونی مراحل کے لیے منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب شہر میں ڈور پھرنے سے زخمی ہونے کا ایک اور واقعہ بھی سامنے آیا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ ڈیفنس سی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں سائیکل پر سوار ایک بچہ اچانک ڈور کی لپیٹ میں آ گیا۔

زخمی بچے کی شناخت زین کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈور بچے کے گلے پر پھرنے سے وہ شدید زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

طبی ذرائع کے مطابق زین کے گلے پر پندرہ ٹانکے لگائے گئے ہیں اور اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔