راولپنڈی: دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع، 15 روز کے لیے سخت پابندیاں عائد
راولپنڈی میں امن و امان کی صورت حال کے پیشِ نظر دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 15 روز کی توسیع کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقارچیمہ نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ 21 فروری تک رہے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی شہر میں جلسے، جلوس اور ریلیوں پر مکمل پابندی عائد ہو گی، اس کے علاوہ اسلحے کی نمائش اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی عائد ہو گی۔
دفعہ 144 میں توسیع ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کی سفارش پر کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ سیکیورٹی خطرے یا شرپسندی سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔














