سال 2026 کے لیے صدقۂ فطر اور فدیۂ صوم کا نصاب جاری کر دیا گیا

جان بوجھ کر روزہ توڑنے کا کفارہ مسلسل 60 روزے رکھنا یا 60 مساکین کو دو وقت کا کھانا کھلانا ہے۔
شائع 09 فروری 2026 03:20pm

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے رواں سال صدقہ فطر اور فدیہ صوم کا نصاب جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق کم از کم صدقہ فطر 300 روپے فی کس مقرر کیا گیا ہے۔

جاری کردہ نصاب کے مطابق ’جو‘ کے حساب سے صدقۂ فطر اور فدیۂ صوم 1100 روپے جبکہ ’کھجور‘ کے حساب سے 1600 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

کشمش کے حساب سے 3 ہزار 800 روپے اور منقیٰ کے حساب سے 5 ہزار 400 روپے صدقۂ فطر اور فدیۂ صوم ادا کرنا ہوگا، جبکہ آٹے کے حساب سے یہ رقم 200 روپے مقرر کی گئی ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کے مطابق 30 روزوں کے فدیے کی رقم گندم کے حساب سے 9 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ جو کے حساب سے 30 روزوں کا فدیہ 33 ہزار روپے، کھجور کے حساب سے 48 ہزار روپے جبکہ کشمش کے حساب سے فدیہ 1 لاکھ 14 ہزار روپے بنتا ہے۔

اعلامیے کے مطابق منقیٰ کے حساب سے 30 روزوں کا فدیہ 1 لاکھ 62 ہزار روپے جبکہ آٹے کے حساب سے 30 روزوں کا فدیہ 6 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے واضح کیا کہ صدقۂ فطر ہر صاحبِ استطاعت مسلمان مرد، عورت، بچے اور بڑے پر فرض ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جان بوجھ کر روزہ توڑنے کی صورت میں کفارہ مسلسل 60 روزے رکھنا یا 60 مستحق افراد کو دو وقت کا کھانا کھلانا ہے۔