اسرائیلی صدر کی آسٹریلیا آمد پر احتجاج، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں

مظاہرین نے اسرائیلی قیادت کو غزہ میں قتلِ عام کا ذمہ دار قرار دیا اور فلسطین کے حق میں نعرے بازی کی
اپ ڈیٹ 09 فروری 2026 07:00pm

اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ کے دورۂ آسٹریلیا کے خلاف پیر کو مختلف شہروں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے غزہ میں قتلِ عام پر اسرائیلی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ سڈنی میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں بھی دیکھنے میں آئیں۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ پیر کے روز وزیر اعظم انتھونی البانیز کی دعوت پر آسٹریلیا پہنچے۔ اسرائیلی صدر کے دورے کا مقصد سڈنی کے بونڈی بیچ پر ہونے والی ہنوکا تقریب کے دوران فائرنگ کے واقعے کے بعد آسٹریلیا کی یہودی برادری سے یکجہتی کا اظہار ہے۔

تاہم اسرائیلی صدر کے آسٹریلیا پہنچتے ہی ملک بھر میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ فلسطین کے حامی گروپوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے پیر کی شام ملک بھر کے شہروں اور قصبوں میں منظم احتجاجی مظاہرے کیے جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

سڈنی کے مرکزی کاروباری علاقے میں ہزاروں مظاہرین ایک چوک میں جمع ہوئے، جہاں انہوں نے فلسطین کے حق میں نعرے بازی کی اور اسرائیلی قیادت کو غزہ میں شہریوں کے قتلِ عام کا ذمہ دار قرار دیا۔

سڈنی پولیس کی جانب سے مظاہرین کو قابو میں رکھنے کے لیے بھاری نفری تعینات کی گئی، ہیلی کاپٹر فضا میں گشت کرتا رہا جبکہ گھڑ سوار پولیس اہلکار بھی موقع پر موجود رہے۔

پولیس نے مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے کالی مرچ کے اسپرے اور آنسو گیس کا استعمال کیا، جس کے بعد مظاہرین مشتعل ہوگئے اور جھڑپوں کے نتیجے میں متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

آسٹریلوی حکام نے اسرائیلی صدر کے دورے سے قبل خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہئے مخصوص علاقوں میں داخلے پر پابندی، لوگوں کو علاقے خالی کرنے کے احکامات اور گاڑیوں کی تلاشی کا سلسلہ جاری رکھا۔

فلسطین کے حامی گروپ کی جانب سے ان اقدامات کو عدالت میں چیلنج کیا گیا تھا تاہم پیر کو سڈنی کی عدالت نے یہ درخواست مسترد کر دی۔

دوسری جانب ان مظاہروں سے کچھ فاصلے پر بونڈی بیچ واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں اسرائیلی صدر سمیت یہودی برادری کے افراد، سرکاری حکام اور اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 14 دسمبر کو سڈنی کے مشہور ساحلی مقام بونڈی بیچ پر یہودیوں کے مذہبی تہوار ہنوکا کی تقریب میں فائرنگ کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔