ٹی 20 ورلڈ کپ: بھارتی بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں پر بڑی پابندی عائد کردی

نئی پالیسی کا پس منظر حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی سیریز میں بھارت کی ناکامی سے جڑا ہے۔
شائع 10 فروری 2026 10:45am

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران کھلاڑیوں کے لیے نئی اور سخت پالیسی نافذ کر دی ہے، جس کے تحت اب کھلاڑی ٹورنامنٹ کے دوران اپنے اہل خانہ کے ساتھ قیام نہیں کر سکیں گے۔

بی سی سی آئی نے ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے اہلِ خانہ کو ساتھ رکھنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد کھلاڑیوں کی تمام تر توجہ صرف کھیل اور ٹیم میٹنگز پر مرکوز رکھنا ہے۔

اس نئی پالیسی کا پس منظر حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی سیریز میں بھارت کی ناکامی سے جڑا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا سے شکست کے بعد یہ بات سامنے آئی تھی کہ بعض کھلاڑی فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کی وجہ سے ٹیم کی اہم میٹنگز اور منصوبہ بندی کے سیشنز میں شریک نہیں ہو پاتے تھے۔

اسی وجہ سے بھارتی بورڈ نے پرانی رعایتیں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اب موجودہ اصول کے مطابق کھلاڑیوں کے اہل خانہ صرف اس صورت میں 14 دن کے لیے ساتھ رہ سکتے ہیں اگر غیر ملکی دورہ 45 دن سے زیادہ طویل ہو۔

بھارتی میڈیا نے بی سی سی آئی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کھلاڑیوں کی بیگمات اور منگیتریں اگر چاہیں تو ساتھ سفر کر سکتی ہیں لیکن انہیں کھلاڑیوں کے ہوٹل میں قیام کی اجازت نہیں ہوگی اور انہیں اپنے رہنے کے لیے الگ انتظامات کرنا ہوں گے۔

ٹورنامنٹ کے دوران بھارتی ٹیم نجی چارٹر طیارے کے ذریعے سفر کرے گی اور کھلاڑیوں کے کھانے پینے کا بھی خاص انتظام کیا گیا ہے۔

کھلاڑیوں کے ذاتی شیف ٹیم کے ساتھ موجود ہیں تاہم انہیں بھی قریبی ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا ہے جہاں وہ کھانا تیار کر کے کھلاڑیوں کو فراہم کریں گے۔

بھارتی ٹیم اب اپنے اگلے میچ میں جمعرات کو نمیبیا کے خلاف میدان میں اترے گی جس کے بعد وہ پاکستان کے خلاف بڑے مقابلے کے لیے سری لنکا روانہ ہوگی۔