سونا عوام کی پہنچ سے مزید دور، قیمت میں آج پھر بڑا اضافہ
پاکستان میں کاروباری ہفتے کے دوسرے دن بھی سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کا بڑا اضافہ ہوگیا، جہاں فی توسونا 1500 روپے اور 10 گرام سونا 1286 روپے مہنگا ہوا ہے۔
پیر کے روز عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جب کہ چاندی کی قیمت مستحکم رہی۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 1500 روپے مہنگا ہو کر 5 لاکھ 26 ہزار 262 روپے کا ہوگیا، اسی طرح 10 گرام سونے کا بھاؤ 1286 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 51 ہزار 184 روپے ہوگیا۔
اس کے علاوہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں فی اونس سونا 15 ڈالر اضافے کے بعد 5,035 ڈالر پر پہنچ گیا۔
دوسری جانب فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 8 ہزار 615 روپے پر مستحکم رہی جب کہ فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 7 ہزار 385 روپے کی سطح پر برقرار رہی۔
یاد رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔
سونے کو صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کر دی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔

















