زمین پر بہتی جنت: وہ دریا جس میں ہر سال پانچ رنگ بہتے ہیں

یہاں کا سفر کسی بھی سیاح کے لیے ایک چیلنج بھی ہے اور دلچسپ تجربہ بھی۔
شائع 12 فروری 2026 12:24pm

ذرا بند آنکھوں سے ایک ایسے دریا کا تصور کریں جس کا پانی قوس قزح کی مانند بہتا ہو، جہاں پانی کے اوپر موجود پتھر سرخ، گلابی، پیلے، سبز اور نیلے رنگوں میں رنگے ہوئے ہوں۔

قدرت نے یہاں ایسا جادوئی منظر تخلیق کیا ہے کہ تصاویر دیکھ کر لگتا ہے جیسے فوٹوشاپ کی گئی ہوں، لیکن اگر یہی تصور حقیقت بن جائے تو کیسا محسوس ہوگا؟

یقین جانیے، یہ سب مکمل طور پر اصلی ہے۔ ’کینو کرسٹلز‘ کولمبیا کا وہ دریا جو پانچ رنگوں والے دریا کے نام سے مشہور ہے اور اکثر دنیا کے سب سے خوبصورت دریاوں میں شمار ہوتا ہے۔

یہ دریا کولمبیا کے سیرینیا دے لا میکارینا نیشنل پارک کے ایک دور دراز علاقے میں واقع ہے اور ہر سال جون سے نومبر کے درمیان ایک حیرت انگیز قدرتی عجوبے میں بدل جاتا ہے۔

اس کے منفرد رنگ ایک مقامی آبی پودے، میکرینیا کلیویجیرا Macarenia clavigera، کی بدولت آتے ہیں جو سرخ اور گلابی رنگ میں کھلتا ہے۔ یہ پودا پیلی ریت، سبز ، نیلے پانی اور کالے پتھروں کے ساتھ ملا کر ایک ناقابل یقین منظر تخلیق کرتا ہے۔

میکرینیا کلیویجیرا کے پھلنے کے لیے چند خاص شرائط ضروری ہیں۔ صاف شفاف پانی تاکہ سورج کی روشنی اندر تک پہنچ سکے، معتدل پانی کی روانی تاکہ یہ بہہ نہ جائے اور غذائیت مناسب ملے اور مخصوص درجہ حرارت۔ یہی پودا اس ندی کے سرخ اور گلابی رنگ کا مرکزی کردار ہے۔

دریا کی یہ رنگینی پانچ منفرد رنگوں کے امتزاج سے پیدا ہوتی ہے۔ سرخ اور گلابی رنگ ماکارینیا کلاویجیرا کے مکمل کھلنے سے آتے ہیں، جبکہ پیلا رنگ صاف پانی میں نظر آنے والی ریت سے پیدا ہوتا ہے۔

پتھروں پر اگنے والے الگے اور کائی ندی کو سبز رنگ دیتے ہیں، اور گہرے تالابوں میں آسمان کی عکاسی سے نیلا رنگ نظر آتا ہے۔ دریا کے اوپر موجود آتش فشانی پتھر اسے کالا رنگ بھی عطا کرتے ہیں، جس سے یہ قدرتی منظر بے حد جادوئی اور دلکش بن جاتا ہے۔

یہ رنگینی صرف جون تا نومبر میں دیکھی جا سکتی ہے۔ خشک موسم (دسمبر تا مئی) میں پانی کی سطح بہت کم ہو جاتی ہے اور پودوں کو غذائیت نہیں مل پاتی، جبکہ بارش کے موسم میں دریا کا بہاؤ اتنا تیز ہو جاتا ہے کہ پودے اور ان کے کھلے پھول بہا دیے جاتے ہیں۔

بہترین وقت وہ ہے جب خشک اور بارش کے موسم کے درمیان پانی کی سطح، سورج کی روشنی اور درجہ حرارت متوازن ہوں اور سب سے زیادہ شاندار مناظر جولائی تا ستمبر میں دیکھے جا سکتے ہیں۔

ماکارینیا کلاویجیراکا سفر کسی بھی سیاح کے لیے ایک چیلنج بھی ہے اور دلچسپ تجربہ بھی۔

سیاحت کے دوران دریا اور اس کے حساس ماحولیاتی نظام کی حفاظت کے لیے یہاں کا سفر اکیلے نہیں کیا جا سکتا۔ تمام سیاحوں کو رجسٹرڈ ٹور آپریٹرز، لائسنس یافتہ رہنماؤں اور گروپ کے ساتھ جانا ضروری ہے۔

یہی انتظام اس قدرتی خزانے کو محفوظ رکھنے اور اس کے نایاب مناظر کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔

ماکارینیا کلاویجیراکا سفر ایک نایاب اور منفرد تجربہ فراہم کرتا ہے، جو صرف محنت، صبر اور صحیح موسم میں پہنچنے والے سیاحوں کو دیکھنے کو ملتا ہے۔ یہی اسے دنیا کا سب سے حیرت انگیز اور یادگار دریا بناتا ہے۔