پاکستان نے ایک اور مقامی سیٹلائیٹ خلا میں لانچ کر دیا
پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپارکو نے اسپیس ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ مقامی سطح پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل ٹو (EO-2) سیٹلائیٹ کو کامیابی کے ساتھ خلا میں لانچ کر دیا گیا ہے۔
ترجمان سپارکو کے مطابق اس سیٹلائیٹ کو چین کے یانگ جیانگ سی شور اسپیس سینٹر سے خلا میں بھیجا گیا۔ لانچ کے بعد سیٹلائیٹ اپنے مدار میں داخل ہو گیا ہے اور یہ پاکستان کی زمین کے مشاہدے اور امیجنگ کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا۔
سپارکو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ای او-2 سیٹلائیٹ کی لانچ ملکی خلائی مہارت اور تکنیکی صلاحیت کی واضح علامت ہے۔ یہ سیٹلائیٹ قومی سطح پر منصوبہ بندی اور وسائل کے مؤثر انتظام کے لیے اہم اور قابلِ اعتماد ڈیٹا فراہم کرے گا، جس سے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور پالیسی سازی میں مدد ملے گی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اس کامیاب لانچ سے پاکستان کے سیٹلائیٹس کے بیڑے میں اضافہ ہوگا جبکہ زمینی مشاہدات کے تسلسل اور درستگی میں بھی بہتری آئے گی۔
ای او-2 سیٹلائیٹ نہ صرف خلائی شعبے میں پاکستان کی برتری کو مستحکم کرے گا بلکہ قدرتی آفات کے انتظام اور اسٹریٹجک منصوبہ بندی میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
سپارکو کے مطابق ای او-2 پاکستان کی سیٹلائیٹ تیاری میں خود انحصاری کا مظہر ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں بتدریج خود کفالت کی جانب گامزن ہے۔
یاد رہے کہ سپارکو کی جانب سے جنوری 2025 میں ای او-1 سیٹلائیٹ کو بھی کامیابی کے ساتھ لانچ کیا گیا تھا، اور ای او-2 کی تازہ کامیابی پاکستان کے خلائی پروگرام کے تسلسل اور پیش رفت کی عکاس ہے۔
















