سندھ اور بلوچستان میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 5.6 ریکارڈ

زلزلے کی گہرائی 13کلومیٹرتھی، زلزلہ پیما مرکز
شائع 13 فروری 2026 12:34pm

سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

سندھ میں جیکب آباد، قمبر شہدادکوٹ، سکھر، دادو اور ان کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے، جبکہ بلوچستان میں جھل مگسی، جعفرآباد، نصیرآباد اور خضدار میں بھی زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کے مطابق زلزلے کے جھٹکے صبح 10 بج کر 52 منٹ پر محسوس کیے گئے۔

پی ایم ڈی نے بتایا کہ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.6 ریکارڈ کی گئی اور زلزلے کی گہرائی 13 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز خضدار سے تقریباً 75 کلومیٹر جنوب مشرق کی جانب واقع تھا۔

ضلع قمبرشہدادکوٹ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، زلزلے کے جھٹکوں کے باعث لوگوں میں خوف پھیل گیا اور وہ دعائیں پڑھتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، شہریوں کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کا دورانیہ دس سے پندرہ سیکنڈز تک تھا.

ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم مقامی لوگ خوفزدہ ہو کر عارضی طور پر گھروں سے باہر نکل آئے۔

حکام نے شہریوں سے محتاط رہنے اور ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطے کا کہا ہے۔