ٹی 20 ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ: زمبابوے نے آسٹریلیا کو شکست دے دی

میچ میں بیٹنگ کے دوران آسٹریلیا کے 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے
اپ ڈیٹ 13 فروری 2026 03:20pm

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پہلا اپ سیٹ ہوگیا ہے۔ کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے سابق ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کو شکست دے دی ہے۔

آسٹریلوی ٹیم 170 کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ نے زمبابوے نے آسٹریلیا کو ہرا دیا ہے۔

کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد زمبابوے نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دیا تھا۔

زمبابوے نے پاور پلے میں 47 رنز بنائے تھے اور رن ریٹ کو برقرار رکھا تھا۔

زمبابوے کے اوپنر برائن بینٹ 56 بالوں پر 64 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جن کی شاندار بیٹنگ نے ٹیم کا اسکور مضبوط کیا۔ ٹادیوناشے مارومانی نے 21 بالوں پر 35 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ ریان برل نے 30 گیندوں پر 35 رنز اسکور کیے۔

زمبابوے کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹ پر 169 رنز بنائے تھے۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 146 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا کے میٹ رنشا نے 65 اور گلین میکسویل نے 31 رنز بنائے جبکہ زمبابوے کے مزارابانی نے 4 اور بریڈ ایوان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ میں بیٹنگ کے دوران آسٹریلیا کے 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مزارابانی نے 17 رنز کے عوض 4 اور بریڈ ایونز نے 23 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔

بلیسنگ مزارابانی کی 17 رنز کے عوض 4 وکٹیں زمبابوے کی جانب سے نہ صرف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا بہترین فیگر ہے بلکہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں کسی بھی فل ممبر ٹیم کے خلاف بھی سب سے بہترین بالنگ ہے۔

میچ کے بعد زمبابوین بالر بلیسنگ مزارابانی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ بھی پیش کیا گیا۔

خیال رہے کہ میچ سے قبل آسٹریلوی کپتان ٹریوس ہیڈ نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کا یہ دوسرا میچ تھا، اپنے پہلے میچ میں زمبابوے نے عمان کو اور آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو شکست دی تھی۔