کراچی حیدر آباد موٹروے پر مسافر بس، ٹینکر اور متعدد گاڑیوں میں تصادم، 13 افراد جاں بحق
کراچی حیدرآباد موٹروے پر مسافر بس، آئل ٹینکر اور متعدد گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
جمعے کو کراچی سے 60 کلومیٹر دور کاٹھور کے قریب ایم نائن موٹروے پر ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں مسافر بس، آئل ٹینکر اور متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشوں کو بقائی اور زخمی ہونے والوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جائے حادثہ سے اب تک 13 افراد کی لاشوں کو نکالا جاچکا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین اور چار بچے بھی شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں پانچ سالہ بچی رحیمہ، تین سالہ بچہ عمران، دو ماہ کا ابرار، 14 سالہ رضوان، 12 سالہ عافیہ اور دو سالہ امان شامل ہیں۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا ہے کہ ایم نائن موٹروے پر کراچی آنے والا آئل ٹینکر اچانک ویگو ڈالے پر الٹ گیا، جس کے بعد پیچھے سے آنے والی متعدد گاڑیاں بھی آپس میں ٹکراگئیں۔ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں میں دو ٹریلر، دو بسیں اور ایک ٹینکر شامل ہے۔
موٹروے پولیس نے بتایا کہ حادثے کے مقام کو سیل کردیا گیا ہے، ایم نائن پر ٹریفک کی روانی بحال کرائی جارہی ہے، سڑک کو کلیئر کرکے حیدر آباد سے آنے والی گاڑیوں کو گزارا جارہا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے المناک ٹریفک حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی اور زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
آئی جی سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو نے افسوسناک حادثے کے بعد متعلقہ پولیس حکام کو فوری طور پر جائے حادثہ پہنچنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
آئی جی سندھ کی جانب سے جائے حادثہ اور اطراف کے علاقے کو فوری طور پر محفوظ بنانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ حادثے کے بعد آئل ٹینکر سے تیل کے اخراج اور ممکنہ خدشات کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

حکام نے ریسکیو اور ایمبولینس عملے کی بروقت رسائی یقینی بنانے کے لیے راستہ کلیئر رکھنے کی ہدایت کی ہے جب کہ ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں، حفاظتی و احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ادارے موقع پر موجود ہیں اور صورت حال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
ادھر سپر ہائی وے پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ حادثے کے زخمیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور علاج معالجہ میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
ڈپٹی میئر کراچی کی ہدایت پر عباسی شہید اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے اسپتال کے عملے کو ہدایت دی کہ زخمیوں کے علاج میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
سلمان عبد اللہ مراد نے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
ڈپٹی میئر نے مزید کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔














