سونے کی قیمت میں 7 ہزار روپے اضافہ، چاندی سستی ہوگئی
ملک میں سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے بعد مقامی صرافہ بازار میں فی تولہ سونا 7 ہزار روپے مہنگا ہوگیا ہے۔
تازہ اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 5 لاکھ 26 ہزار 962 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 6 ہزار ایک روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 51 ہزار 785 روپے ہوگئی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
بین الاقوامی سطح پر سونا 70 ڈالر مہنگا ہوا ہے جس کے بعد فی اونس سونے کی قیمت 5042 ڈالرز تک جا پہنچی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں اضافے کا اثر مقامی بازار پر بھی پڑا ہے جس کے باعث ملک میں قیمتیں اوپر گئیں۔
ادھر چاندی کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 105 روپے سستی ہوکر 8 ہزار 219 روپے پر آگئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام چاندی کی قیمت میں 90 روپے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 7 ہزار 46 روپے ہوگئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی چاندی کی قیمت کم ہوکر فی اونس 77.35 ڈالرز پر آگئی ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا براہ راست اثر مقامی صرافہ بازار پر پڑتا ہے، جس کے باعث سونے اور چاندی کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی دیکھنے میں آتی ہے۔















