صدر ٹرمپ نے عالمی امن میں پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا، وفاقی وزیرِ اطلاعات

فلسطینیوں کی سرزمین پر حق صرف فلسطینی عوام کا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات
شائع 20 فروری 2026 08:53am

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے امن بورڈ کے اجلاس میں آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے، جبکہ خطے میں پائیدار امن کے لیے ہر ممکن کوشش ناگزیر ہے۔

واشنگٹن ڈی سی سے جاری اپنے ایک ویڈیو بیان میں عطاء تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف دوٹوک اور اصولی ہے اور فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھی جائے گی۔

ویڈیو پیغام میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے عالمی امن کے لئے پاکستان کے کردار کو سراہا جس سے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے جس انداز سے فلسطینی عوام کا مقدمہ عالمی فورمز پر پیش کیا، وہ قابل تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے جتنی بھی سفارتی اور سیاسی کوششیں کی جائیں وہ کم ہیں، کیونکہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کا خاتمہ عالمی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ پیش رفت میں مثبت اقدام اٹھایا ہے، جس کا خیرمقدم کیا جانا چاہیے۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان کی تمام تر سفارتی کوششیں فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینیوں کی سرزمین پر حق صرف فلسطینی عوام کا ہے اور اس بنیادی اصول سے انحراف قابل قبول نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق پاکستان ثالثی کا مؤثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور عالمی سطح پر خارجہ محاذ پر پاکستان کو نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی قیادت اور عوام نے ہمیشہ پاکستان کے اصولی مؤقف اور عملی حمایت کو سراہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن بورڈ خطے میں استحکام کے فروغ اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہو سکتا ہے۔ حکومت پاکستان مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کردار ادا کرتی رہے گی۔