کرکٹر عماد وسیم پر سابقہ اہلیہ کے سنگین الزامات
پاکستان کے معروف آل راؤنڈ کرکٹر عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق نے اپنی واٹس ایپ چیٹس اور اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے کرکٹر پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
ثانیہ اشفاق نے الزام لگایا ہے کہ عماد وسیم نے انہیں دسمبر 2023ء میں اسقاطِ حمل پر مجبور کیا اور بچوں کی پرواہ نہ کرنے کے ساتھ ساتھ ازدواجی وفاداری کی خلاف ورزی بھی کی۔
انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جولائی 2025ء کی واٹس ایپ چیٹس کے اسکرین شاٹس شیئر کیے جن میں مبینہ طور پر عماد وسیم نے قانونی کارروائی کی دھمکی دی اور رابطے پر پابندی لگانے کی ہدایت کی۔
چیٹس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ثانیہ اشفاق نے درخواست کی تھی کہ وہ بچے کی پیدائش کے موقع پر موجود رہیں، تاہم کرکٹر نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے ان کے خلاف پولیس میں شکایات کی دھمکیاں دیں۔
ثانیہ نے پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں۔ ساتھ ہی انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ اور پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی سے بھی اپیل کی کہ وہ قوانین اور ضوابط کے مطابق کارروائی کریں۔
عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کی شادی 2019ء میں ہوئی تھی، جبکہ دسمبر 2025ء میں طلاق ہوئی۔
کرکٹر نے اس شادی کے خاتمے کو اپنی زندگی کا مشکل ترین باب قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ اس دور نے انہیں ان کی سب سے بڑی نعمتیں دیں: ان کے بچے، جن سے وہ بے حد محبت کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا پرصارفین کے ساتھ ساتھ شوبز کی نامور شخصیات بھی ثانیہ اشفاق کے حق میں سامنے آئی ہیں۔ ندا یاسر، حرا مانی اور دیگر نے براہ راست تبصرے کیے اور ثانیہ کو حوصلہ دیا۔

یہ تنازع اس وقت سامنے آیا جب عماد وسیم نے اپنی دوسری شادی نائلہ راجہ سے کی، جو پہلی اہلیہ سے علیحدگی کے محض دو ماہ بعد ہوئی۔
















