سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ، نئی قیمت کیا ہے؟

عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 25 ڈالر کے اضافے کے بعد 5 ہزار 37 ڈالر پر پہنچ گیا
شائع 20 فروری 2026 02:57pm

پاکستان میں سونے کی قیمتوں کی اونچی اڑان جاری ہے، آج بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ ہو گیا۔

مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونا 2 ہزار 500 روپے مہنگا ہو کر 5 لاکھ 26 ہزار 462 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 144 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 51 ہزار 356 روپے ہوگئی ہے۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا۔ بین الاقوامی سطح پر سونا 25 ڈالر فی اونس مہنگا ہو کر 5 ہزار 37 ڈالر فی اونس تک جا پہنچا ہے۔

ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، ڈالر کی قدر میں تبدیلی اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان سونے کی قیمتوں پر اثر انداز ہوتا ہے۔ عالمی سطح پر اضافے کے اثرات مقامی مارکیٹ میں بھی منتقل ہوتے ہیں، جس کے باعث اندرون ملک نرخ بڑھ جاتے ہیں۔