ٹی 20 ورلڈکپ: نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان

سپر ایٹ مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں مدِمقابل ہوں گی
شائع 21 فروری 2026 08:54am

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر ایٹ مرحلے کا آج سے باقاعدہ آغاز ہورہا ہے، جہاں سیمی فائنل تک رسائی کی دوڑ میں آٹھ ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔

سپر ایٹ مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں مدِمقابل ہوں گی۔

میچ مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا، جس کے لیے میدان سج چکا ہے اور شائقین کرکٹ کو کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔

اہم میچ کے لیے قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اوپنر فخر زمان اور لیگ اسپنر ابرار احمد کی پلیئنگ الیون میں واپسی متوقع ہے، جس سے ٹیم کمبی نیشن میں توازن پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

گروپ مرحلے میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی مؤثر رہی۔ پاکستان نے گروپ اے میں تین میچز جیت کر دوسرے نمبر پر جگہ بنائی، جبکہ نیوزی لینڈ نے گروپ ڈی میں تین کامیابیاں سمیٹتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان حالیہ برسوں میں سخت مقابلے دیکھنے میں آئے ہیں تاہم ایک بار پھر شائقین کرکٹ اس مقابلے کو ایک سنسنی خیز میچ قرار دے رہے ہیں۔

جنوری 2022 سے اب تک دونوں ٹیمیں ٹی 20 انٹرنیشنلز میں 24 مرتبہ مدِ مقابل آ چکی ہیں، جن میں نیوزی لینڈ نے 13 جب کہ پاکستان نے 9 میچوں میں کامیابی حاصل کی تاہم ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل میں سڈنی میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی، جو گرین شرٹس کے لیے اہم یاد گار فتح رہی تھی۔