قومی ہاکی میں بڑا ریفارم، دو اہم کمیٹیوں کے قیام کا اعلان
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل ہاکی کے انتظامی اور پیشہ ورانہ ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے دو اہم کمیٹیوں کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔
ایڈہاک صدر محی الدین وانی نے ہاکی کے انتظامی اور کھیل سے متعلق امور کو الگ الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ دو روز میں گورننس مینجمنٹ کمیٹی اور پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی تشکیل دی جائیں گی۔
اس اقدام کا مقصد قومی کھیل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور ادارہ جاتی سطح پر بہتری لانا ہے۔ محی الدین وانی کا کہنا ہے کہ گورننس مینجمنٹ کمیٹی پی ایچ ایف کے انتظامی معاملات کو مؤثر بنائے گی۔
ایڈ ہاک صدر کے مطابق کمیٹی میں ہیومن ریسورس، مالیاتی امور، ریسورس موبلائزیشن، کمیونیکیشن اور رابطہ کاری کے ماہرین شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی اسکولوں اور کالجوں میں ہاکی کے فروغ کے لیے بھی مربوط حکمت عملی تیار کرے گی۔
محی الدین وانی پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی میں سابق اولمپینز، اسپورٹس کوچز، ٹرینرز اور اسپورٹس میڈیسن کے ماہرین کو شامل کیا جائے گا، جو کھلاڑیوں کی فنی تربیت، فٹنس اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تیاری کو یقینی بنانے کے لیے سفارشات مرتب کریں گے۔
فیڈریشن حکام کے مطابق ان دونوں کمیٹیوں کے قیام سے ہاکی کے انتظامی ڈھانچے میں شفافیت، پیشہ ورانہ مہارت اور طویل المدتی منصوبہ بندی کو فروغ ملے گا۔














