’’افغانستان کو پرامن ہمسایہ بننا ہوگا، پاکستان اپنی زمین کا دفاع کرنا جانتا ہے‘‘
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، معاونِ خصوصی وزیراعظم رانا ثنا اللہ اور گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ افغان طالبان کی غلط فہمی آج رات دور کر دی جائے گی اور پاکستان اپنے عوام کے امن کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ پاکستان اپنی زمین کا دفاع کرنا جانتا ہے اور افغان جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان طالبان رجیم کی غلط فہمی آج رات ہی دور کر دی جائے گی اور قیام امن کے لیے ریاست اپنی پوری طاقت استعمال کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ آج رات کے بعد دن نکلے گا تو دنیا دیکھے گی کہ پاکستان نے کس طرح مؤثر جواب دیا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کوشش کی کہ مسائل بات چیت سے حل ہوں، لیکن اب پاکستان کے بازاروں اور مساجد میں بم دھماکے بالکل بھی برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے سوا طالبان کے پاس کچھ اور کرنے کی جرات نہیں ہے۔ پاکستان اپنے عوام کے امن کے لیے کسی بھی حد تک جائے گا اور دہشت گردی کو ہر صورت ختم کرے گا۔ وزیر مملکت نے مزید کہا کہ افغانستان کو ہر صورت ایک پرامن ہمسایہ بننا ہوگا تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔
معاونِ خصوصی وزیراعظم راناثنا اللہ نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی طرف سے کئی دہائیوں سے دہشت گردی ہو رہی ہے، ہم نے ہمیشہ برداشت کا مظاہرہ کیا ہے، بھارت نے سندورآپریشن فیز ٹو افغانستان سے جاری کیا، بھارت کی ایما پرافغانستان سے حملے ہو رہے ہیں۔
راناثنااللہ نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسزبھرپورجواب دے رہی ہیں، بھارت بھی ہماری افواج کے سامنے نہیں ٹھہر سکا، ہماری افواج کے سامنے افغان ٹولے کی کوئی اوقات نہیں، ایسا جواب دیا جائے گا کہ وہ دوبارہ اس طرف منہ نہیں کریں گے، دہشت گردی کے ناسور کو جڑسے اکھاڑنا ہوگا۔
انھوں نے مزید کہا کہ افغان دہشت گرد بھارت کے ایجنٹ کے طورپر کارروائیاں کر رہے ہیں، افغانستان دہشت گرد تنظیموں کی آماج گاہ ہے، دنیا کو دہشت گردوں کا نوٹس لینا چاہئے۔
گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے بھی آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان نے ماہ رمضان میں حملہ کیا ہے، پاکستان اپنی زمین کا دفاع کرنا جانتا ہے، سیکیورٹی فورسز نے حملہ پسپا کر دیا ہے، ہم نے ہرعالمی فورم پرثبوت پیش کیے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ افغانستان جوکارروائی کرے گا بھرپورجواب دیں گے، پہلے بھی بھارت کو منہ توڑجواب دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ جمعرات کی رات پاکستان-افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی جس کے بعد پاک فوج نے آپریشن غضب للحق کا آغاز کردیا ہے۔
پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی کے دوران افغان طالبان رجیم کے چالیس سے زائد اہلکاروں کے مارے جانے کی مصدقہ اطلاعات ہیں اور کارروائی کے دوران افغان طالبان کی متعدد چوکیوں کو تباہ کردیا گیا ہے جب کہ سیکیورٹی فورسز نے کواڈ کاپٹر کے ذریعے پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تمام کواڈ کاپٹرز مار گرائے ہیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز سرحد کی حفاظت کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی جارحیت کا فوری جواب دینے کے لیے الرٹ پر ہیں۔










