بولیویا میں نوٹوں سے بھرا فوجی طیارہ گر کر تباہ، 15 افراد ہلاک

طیارہ گرنے کی بنیادی وجہ موسم کی خرابی قرار دیا جا رہا ہے: حکام
اپ ڈیٹ 28 فروری 2026 10:15am

جنوبی امریکی ملک بولیویا میں فوجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک جبکہ 30 زخمی ہو گئے ہیں۔ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بولیوین فضائیہ کی ملکیت تھا اور مرکزی بینک سے نئے کرنسی نوٹ ملک کے دیگر شہروں کو منتقل کر رہا تھا۔ حادثے کے مقام پر بڑی تعداد میں نوٹ بکھر گئے تھے۔

بولیویا کے حکام کے مطابق بولیوین فضائیہ کا سی -30 ہرکیولس طیارہ موسم کی خرابی کے باعث دارالحکومت لا پاز قریب واقع شہر ایل آلٹو میں ایک مصروف شاہراہ پر گر کر تباہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق طیارہ سانتا کروز دی لاسیرا سے روانہ ہوا تھا جسے پرواز کے دوران موسمی خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔ وزارت دفاع نے مزید تفصیلات بتائے بغیر حادثے کی تصدیق کردی ہے۔

دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق حادثے کے بعد سڑک پر طیارے کا ملبہ، تباہ شدہ گاڑیاں اور لاشیں بکھری پڑی تھیں۔ پاویل تووار کے مطابق کم از کم 15 گاڑیاں اس حادثے کی زد میں آئیں۔ بعد ازاں فائر فائٹرز کے عملے نے طیارے کو لپیٹ میں لینے والی آگ کو بجھانے کا عمل شروع کیا جس پر تھوڑی دیر قابو پالیا گیا تھا۔

حادثے کے نتیجے میں نہ صرف جانی نقصان ہوا بلکہ شاہراہ پر موجود متعدد گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

عینی شاہدین کے مطابق طیارہ گرنے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور امدادی ٹیموں نے فوری طور پر کارروائیاں شروع کر دیں۔

واقعے کے بعد ایل آلٹو بین الاقوامی ہوائی اڈے کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا، جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق خراب موسم طیارہ گرنے کی بنیادی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔