ریاض کے قریب دو کروز میزائل، 9 ڈرونز مار گرائے: سعودی وزارتِ دفاع
سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ دارالحکومت ریاض کے جنوب میں دو کروز میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کردیا گیا، جب کہ ایک اور کارروائی میں 9 ڈرونز کو بھی مار گرایا گیا۔
سعودی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ ریاض کے جنوب میں واقع ضلع ’الخرج‘ میں دو کروز میزائلوں کو دفاعی نظام نے بروقت روکا اور تباہ کر دیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارتِ دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ مملکت کی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی 9 ڈرونز کو بھی فوری طور پر نشانہ بنا کر تباہ کردیا گیا۔
اس سے قبل بدھ کی شب ریاض میں امریکی سفارت خانے میں واقع سی آئی اے کے مرکز پر بھی ڈرون حملہ ہوا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں خلیجی تعاون کونسل کے رکن ممالک پر ایرانی حملوں کی شدید مذمت کی گئی اور انہیں علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا گیا۔
کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب اپنی قومی سلامتی کے دفاع کے ساتھ ساتھ اپنے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گا۔ اجلاس میں مشکل وقت میں سعودی عرب کی حمایت کرنے والے برادر اور دوست ممالک کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔















