یشما گل کے والد کیوں ناراض تھے؟ اداکارہ کا انکشاف

والد نے ایک سال تک بات نہیں کی، یشما گل
شائع 04 مارچ 2026 02:29pm

پاکستان شو بز انڈسٹری کی اداکارہ اور ماڈل یشما گل نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے کے بعد ان کے والد نے ایک سال تک ان سے بات نہیں کی۔

یشماگل حال ہی میں نجی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور خاندانی ردعمل سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔

یشما گل کے مطابق ان کے والد عام تاثر کی وجہ سے شوبز انڈسٹری کے خلاف تھے اور نہیں چاہتے تھے کہ وہ شوبز انڈسٹری کا حصہ بنے۔

جب انہوں نے اداکاری کا آغاز کیا تو والد نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے گفتگو بند کر دی، جو تقریباً ایک سال تک جاری رہی۔

اداکارہ نے بتایا کہ رمضان کے مہینے میں ایک دن انہوں نے سیڑھیوں سے اترتے ہوئے اپنے والد کو سلام کیا تو انہوں نے جواب دے دیا اور اسی لمحے سے برف پگھلنا شروع ہوئی۔ بعد ازاں جب یشما عمرہ کی ادائیگی کے لیے جانا چاہتی تھیں تو انہیں محرم کی ضرورت تھی، جس پر ان کے والد ان کے ساتھ گئے۔

یَشما کے مطابق عمرہ کے دوران جب ان کے والد نے دیکھا کہ لوگ ان کی بیٹی کو عزت اور احترام دے رہے ہیں تو ان کی سوچ میں تبدیلی آئی۔ اسی سفر کے بعد باپ بیٹی کے تعلقات میں بہتری آئی اور دونوں کے درمیان مکمل صلح ہو گئی۔