ایرانی بحری جہاز پر حملہ، 101 اہلکار لاپتہ، متعدد ہلاکتوں کا خدشہ
سری لنکا کے ساحل کے قریب ایک ایرانی بحری جہاز پر مبینہ طور پر سب میرین یعنی آبدوز سے حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے سری لنکا کی بحریہ اور وزارت دفاع کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اس افسوسناک واقعے میں کم از کم 101 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں جبکہ ایک شخص کی ہلاکت اور 78 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، 16 فروری کو ایرانی بحری جہاز ’آئی آر آئی ایس دینا‘ انٹرنیشنل فلیٹ ریویو 2026 میں شرکت کے لیے بھارت کی بندرگاہ وشاکھاپٹنم پہنچا تھا۔ اس تقریب میں آسٹریلیا، جاپان، جنوبی کوریا اور روس سمیت 74 ممالک نے حصہ لیا اور ان کے جنگی جہاز ایک ساتھ لنگر انداز ہوئے تھے۔
یہ مشقیں 25 فروری کو ختم ہوئیں۔ اس کے تین دن بعد، 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملوں کا آغاز کردیا۔
ایرانی بحری جہاز ’دینا‘ اپنے وطن واپس لوٹ رہا تھا کہ اسے راستے میں سری لنکا کے قریب نشانہ بنایا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، بدھ کی علی الصبح بحرِ ہند کے خطے میں امریکی بحریہ کی ایک ایٹمی طاقت سے چلنے والی آبدوز نے اس ایرانی بحری جہاز پر تارپیڈو سے حملہ کیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سری لنکا کی جانب سے امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا تھا۔
سری لنکا کے وزیر خارجہ نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ بحریہ کو صبح سویرے جہاز کی جانب سے مدد کی اپیل موصول ہوئی تھی جس پر فوری ردعمل دیتے ہوئے صبح چھ بجے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق جہاز نے سری لنکا کے جنوبی شہر گال کے ساحل کے قریب خطرے کے سگنل بھیجے تھے جس کے بعد زخمیوں کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
سری لنکن بحریہ کے ایک گمنام اہلکار نے بتایا کہ اب تک 79 افراد کو بچا کر اسپتال پہنچایا جا چکا ہے جن میں سے ایک شخص دوران علاج دم توڑ گیا ہے جبکہ کثیر تعداد میں لوگ تاحال لاپتہ ہیں۔
دوسری جانب حکومتی بیانات میں تضاد بھی سامنے آ رہا ہے۔
سری لنکن بحریہ کے ترجمان نے 101 افراد کے لاپتہ ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف 32 زخمی افراد کو بچایا گیا ہے جو اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
وزیر خارجہ نے مزید تفصیلات بتائے بغیر پارلیمنٹ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ سری لنکا اس معاملے پر مناسب کارروائی کرے گا اور فوج اب تک کم از کم 30 افراد کو بچانے میں کامیاب ہو چکی ہے۔














