لائیو

ایران کا خلیجِ فارس میں امریکی بحری جہاز پر میزائل حملے کا دعویٰ

امریکا، اسرائیل اور ان کے حامی ملکوں کے جہاز آبنائے ہرمز میں نظر آئے تو نشانہ بنائیں گے: ایران
شائع 05 مارچ 2026 01:57pm
File Photo
File Photo

پاسدارانِ انقلاب فورس نے خلیج فارس میں آئل لے کر جانے والے امریکی بحری جہاز پر میزائل حملے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے جمعرات کو خلیج فارس میں امریکی آئل ٹینکر کو میزائل سے نشانہ بنایا ہے جس کے بعد آئل ٹینکر اس وقت آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں ہے۔

کچھ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ کویت کے ساحل کے قریب پیش آیا جہاں ایک آئل ٹینکر لنگر انداز تھا۔

برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آرگنائزیشن نے بھی اس علاقے میں ایک بڑے دھماکے کی اطلاع دی اور اس کارروائی کے نتیجے میں تیل کے اخراج کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے، تاہم اس حملے میں جہاز کے عملے کے محفوظ ہونے کی اطلاع ہے۔

بیان کے مطابق ایران اس سے قبل بھی واضح کر چکا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت جنگ کے حالات میں ایران کو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی نقل و حرکت پر کنٹرول کا حق حاصل ہے۔

پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ امریکا، اسرائیل اور ان کے حامی یورپی ممالک کے فوجی یا تجارتی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر ان ممالک کے جہاز خلیجی پانیوں میں دیکھے گئے تو انہیں بھی نشانہ بنایا جائے گا۔

دوسری جانب امریکی حکام کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔

واضح رہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز کو بند کرنے کا اعلان کر رکھا ہے دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ضرورت پڑنے پر آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو امریکی نیوی کے ذریعے تحفظ فراہم کرنے کا حکم دے سکتے ہیں۔