ایران کا بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ’خرمشہر 4‘ میزائل سے اسرائیل پر حملہ

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ میزائل ایک سے زیادہ وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
شائع 05 مارچ 2026 04:20pm

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے اسرائیل کو نشانہ بنانے کے لیے ’خرمشہر 4‘ نامی بڑے بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق جمعرات کو کیے گئے اس حملے میں ایسے میزائل استعمال کیے گئے جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان میں ایک ٹن وزنی وارہیڈ نصب کیا جا سکتا ہے۔

ایرانی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ میزائل ایک سے زیادہ وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اسرائیل کی جانب سے پہلے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران نے بعض حملوں میں کلسٹر گولہ بارود استعمال کیا ہے، تاہم ایران نے اس بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

تازہ بیان میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کی کارروائیاں صرف اسرائیل تک محدود نہیں ہیں بلکہ بحرین، کویت اور متحدہ عرب امارات میں بھی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایران کی انقلابی گارڈ کور نے مزید کہا کہ کویت، بحرین اور متحدہ عرب امارات میں امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنا کر انہیں نمایاں نقصان پہنچایا گیا ہے۔

دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل جنگ کے دوران جان بوجھ کر شہری علاقوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام کو بے رحمی سے نشانہ بنایا جا رہا ہے اور حملہ آور قوتیں ایسی جگہوں پر حملے کر رہی ہیں جہاں زیادہ سے زیادہ جانی نقصان ہو سکتا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا رہے ہیں۔