عراق میں بغداد اور اربیل ایئرپورٹس کے قریب ڈرون حملے ناکام

بغداد میں امریکی اڈے کو نشانہ بنانے کی کوشش، فضائی دفاعی نظام نے متعدد ڈرون مار گرائے
شائع 09 مارچ 2026 09:56am

عراق کے دارالحکومت بغداد اور خودمختار کرد خطے کے شہر اربیل میں بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے قریب ڈرون حملوں کی کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔

بین القوامی خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق اربیل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر موجود فضائی دفاعی نظام نے ایک ڈرون کو مار گرایا۔ کرد خبر رساں ادارے روداو کے مطابق اربیل ایئرپورٹ پر امریکی افواج بھی تعینات ہیں، جس کے باعث اس مقام کو سیکیورٹی کے لحاظ سے انتہائی حساس سمجھا جاتا ہے۔

دوسری جانب بغداد میں بھی رات گئے ڈرون سرگرمیوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔ الجزیرہ کی جانب سے تصدیق شدہ ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب کئی ڈرون کو فضا میں ہی تباہ کیا گیا۔

اس سے قبل بغداد کے علاقے الاعلام کے اوپر بھی ڈرون مار گرائے جانے کی اطلاعات ملی تھیں۔ ان واقعات کے دوران ایک خاتون زخمی ہوئی جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ادھر خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے ایک سیکیورٹی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ عراقی فضائی دفاعی نظام نے علی الصبح ایک ڈرون کو اس وقت مار گرایا جب وہ بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اندر واقع وکٹوریہ بیس کی جانب بڑھ رہا تھا۔ یہ اڈہ امریکی افواج کے زیر استعمال فوجی کمپاؤنڈ کے طور پر جانا جاتا ہے۔

حکام کے مطابق ان واقعات کے بعد بغداد اور اربیل کے ایئرپورٹس کے اطراف سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ حملوں کی نوعیت اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔