مہنگا بیچیں یا سستا؛ پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں کیسے طے ہوتی ہیں؟
پاکستان میں جب بھی پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو عوامی حلقوں میں یہ سوال اٹھایا جاتا ہے کہ پرانے اسٹاک یا ذخائر پر نئی قیمتیں کیسے لاگو کر دی جاتی ہیں۔ کچھ لوگ اس معاملے کو پوری طرح سمجھے بغیر اسے منفی رنگ دیتے ہیں، حالانکہ اس کے پیچھے ایک سادہ معاشی منطق اور طریقہ کار کام کرتا ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں رائج ہے۔
اس نظام کو سمجھنے کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ پیٹرول کی قیمت کا تعین کسی خاص بحری جہاز کے ذریعے منگوائے گئے تیل کی قیمت پر نہیں ہوتا، بلکہ اس کا فیصلہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی اوسط قیمت اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں تبدیلی کو دیکھ کر کیا جاتا ہے۔
حکومت اور اوگرا کی طرف سے آئل کمپنیوں کے لیے یہ قانونی طور پر لازمی ہے کہ وہ ہر وقت اپنے پاس کم از کم بیس دن کا پیٹرول ذخیرہ رکھیں۔ حال ہی میں علاقائی کشیدگی کی وجہ سے اس ذخیرے کی حد کو مزید بڑھا دیا گیا ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ کمپنیاں جس وقت عوام کو پیٹرول بیچ رہی ہوتی ہیں، اسی وقت انہیں اپنا ذخیرہ پورا رکھنے کے لیے عالمی مارکیٹ سے نئی قیمتوں پر مزید تیل بھی خریدنا پڑتا ہے۔ جب آج ایک لیٹر پیٹرول فروخت ہوتا ہے تو اسے برقرار رکھنے کے لیے عالمی منڈی سے موجودہ ریٹ پر نیا ایک لیٹر خریدنا ضروری ہوتا ہے۔
جسے لوگ ’انوینٹری پرافٹ‘ یا ذخیرے پر منافع کہتے ہیں، وہ دراصل اس عمل میں ختم ہو جاتا ہے کیونکہ پرانا تیل بیچ کر جو پیسہ ملتا ہے وہ مہنگا نیا تیل خریدنے میں صرف ہو جاتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ نظام دونوں طرف کام کرتا ہے اور اکثر کمپنیوں کو بڑے نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
جب عالمی منڈی میں قیمتیں گرتی ہیں تو کمپنیوں کو وہ تیل سستا بیچنا پڑتا ہے جو انہوں نے پہلے مہنگے داموں خرید کر ذخیرہ کیا ہوتا ہے۔
مثال کے طور پر دسمبر میں جب پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں 24 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تو ریفائنریوں اور تیل کمپنیوں کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا کیونکہ ان کے پاس موجود لازمی ذخیرہ مہنگے داموں خریدا گیا تھا۔
اسی طرح کے حالات 2022 اور 2023 میں بھی دیکھے گئے جب قیمتوں میں کمی کی وجہ سے کمپنیوں کو اپنا مہنگا اسٹاک سستے نرخوں پر بیچنا پڑا۔
مختصر یہ کہ یہ ایک ایسا نظام ہے جہاں عالمی مارکیٹ کی تبدیلیوں کا اثر براہ راست قیمتوں پر پڑتا ہے۔
یہ کوئی ایسا طریقہ نہیں ہے جس سے کمپنیاں پہلے کا خریدا ہوا سستا تیل مہنگا بیچ کر ناجائز منافع کمائیں، بلکہ یہ لازمی ذخیرہ برقرار رکھنے اور عالمی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے ساتھ چلنے کا ایک قانونی طریقہ کار ہے۔
بعض اوقات یہ عارضی منافع لگتا ہے لیکن قیمتیں گرنے پر کمپنیوں کے لیے یہ اکثر بڑے مالی نقصان میں تبدیل ہوجاتا ہے۔














