ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل میں بھارت نے وہ ریکارڈز بنادیے جو کوئی اور ٹیم نہ بنا سکی
بھارت نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر نہ صرف اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا بلکہ کئی تاریخی ریکارڈ بھی قائم کیے جب کہ احمد آباد میں کھیلے گئے فائنل میں بھارتی ٹیم مسلسل دوسری بار چیمپئن بننے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
گزشتہ روز احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف 5 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے، جو ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ کے کسی بھی فائنل میں بنایا گیا سب سے بڑا اسکور ہے۔
اس فتح کے ساتھ بھارت ٹی 20 ورلڈ کپ تین بار جیتنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بھی بن گیا۔ بھارت نے اس سے قبل 2007 اور 2024 میں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جبکہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز دو، دو بار یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
بھارتی ٹیم نے اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع بھی کیا، جو ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے، اس کے ساتھ ہی بھارت پہلی میزبان ٹیم بھی بن گئی جس نے اپنی سرزمین پر ٹی 20 ورلڈ کپ جیتا۔
فائنل میں بھارتی بیٹرز نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پاور پلے میں بغیر کسی نقصان کے 92 رنز بنائے، جو ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاور پلے کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
میچ میں مجموعی طور پر 27 چھکے لگائے گئے جن میں سے 18 بھارت اور 9 نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے لگائے، جو کسی بھی ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ ہے۔
بھارت کے ابھشیک شرما نے صرف 18 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی جو ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مقابلوں کی تیز ترین نصف سنچریوں میں شمار ہوتی ہے۔
بولنگ کے شعبے میں جسپریت بمراہ نے فائنل میں 4 وکٹیں حاصل کر کے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر کا اعزاز حاصل کر لیا۔ میگا ایونٹ میں ان کی مجموعی وکٹوں کی تعداد 40 ہو گئی ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے ریکارڈ ساز اعداد و شمار
دوسری جانب ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 ریکارڈ ساز اعداد و شمار کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچ گیا جب کہ میگا ایونٹ میں میں مجموعی طور پر 20 ٹیموں نے حصہ لیا اور ایونٹ میں 55 میچز کھیلے گئے۔
ایونٹ میں 7 سنچریز اور 86 نصف سنچریز سمیت مجموعی طور پر 17 ہزار 582 رنز بنائے گئے، جن میں سے 3 ہزار 270 رنز اننگز کے آخری تین اوورز میں بنے۔ پاور پلے میں مجموعی طور پر 5 ہزار 411 رنز بنے جبکہ فری ہٹ پر 101 رنز اسکور کیے گئے۔
ٹورنامنٹ کے دوران 780 چھکے اور 1434 چوکے لگائے گئے، یوں مجموعی طور پر 10 ہزار 416 رنز باؤنڈریز کی مدد سے بنے جن میں 5 ہزار 736 رنز چوکوں اور 4 ہزار 680 رنز چھکوں کے ذریعے حاصل کیے گئے۔
بیٹنگ کے شعبے میں پاکستان کے صاحبزادہ فرحان 2 سنچریز کی مدد سے 383 رنز بنا کر ایونٹ کے ٹاپ اسکورر رہے۔ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں دو سنچریز بنانے والے پہلے بلے باز بھی بن گئے۔
رواں ایونٹ کی سب سے بڑی انفرادی اننگ کینیڈا کے یوراج سامرہ نے کھیلی جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 110 رنز اسکور کیے جب کہ بولنگ کے شعبے میں مجموعی طور پر 12 ہزار 59 گیندیں کرائی گئیں جن میں 46 نوبالز اور 429 وائیڈ گیندیں شامل تھیں۔ بولرز نے 699 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 14 میڈن اوورز بھی کروائے گئے۔
ایونٹ میں بھارت کے جسپریت بمراہ اور ورون چکرورتھی 14، 14 وکٹیں لے کر سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والوں میں سرفہرست رہے جب کہ ایک اننگ میں بہترین بولنگ کا اعزاز ویسٹ انڈیز کے روماریو شیفرد کو حاصل ہوا جنہوں نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف 20 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔
فیلڈنگ کے شعبے میں مجموعی طور پر 485 کیچز پکڑے گئے جب کہ 110 کیچز ڈراپ بھی ہوئے۔ اس کے علاوہ 123 بلے باز بولڈ، 32 ایل بی ڈبلیو، 39 رن آؤٹ جبکہ 20 دیگر طریقوں سے آؤٹ ہوئے۔
















