دوسرا ون ڈے، پاکستان نے بنگلادیش کو 128 رنز سے شکست دیدی
تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت بنگلادیش کو 128 رنز سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
میرپور سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے 47.3 اوورز میں 274 رنز بنائے ، پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت 46 گیندوں پر 75 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کے سلمان علی آغا نے 64، محمد رضوان نے 44، صاحبزادہ فرحان نے 31 رنز کی اننگ کھیلی، فہیم اشرف 14، عبدالصمد 11، حسین طلعت 9، شمائل حسین 6 ، کپتان شاہین آفریدی 3 اور محمد وسیم جونیئر ایک رن بنا کر پویلین لوٹے۔
بارش کے باعث بنگلادیش کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 32 اوورز میں 243 رنز کا ہدف دیا گیا۔ تاہم میزبان ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 24ویں اوور میں 114 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت اور حارث رؤف نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس فتح کے ساتھ پاکستان نے سیریز میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے مقابلہ ایک ایک سے برابر کر دیا ہے۔ تین میچوں کی سیریز کا فیصلہ کن اور آخری ون ڈے اتوار کو کھیلا جائے گا۔
















