ایران میں اسرائیل سے مبینہ روابط پر 18 افراد گرفتار
ایران نے اسرائیل سے مبینہ تعلق رکھنے والے میڈیا چینل سے روابط کے الزام میں 18 افراد کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق زیر حراست افراد پر حساس معلومات اور تصاویر فراہم کرنے کا الزام ہے۔
قطر کی خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق ایران کے حکام نے اسرائیل سے مبینہ روابط رکھنے والے سیٹلائٹ نیوز چینل ایران انٹرنیشنل کے لیے کام کرنے کے الزام میں 18 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کے مطابق ایرانی وزارتِ انٹیلی جنس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد نے امریکی اور اسرائیلی حملوں میں نشانہ بننے والی جگہوں کی تصاویر اور امدادی ٹیموں کے مقامات کی معلومات مذکورہ چینل کو فراہم کیں۔
وزارت کے مطابق اس معاملے میں کم از کم 21 دیگر افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
اس سے قبل ایرانی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ ملک کے دشمنوں کو معلومات فراہم کرنے کے الزام میں کم از کم 500 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے دوران ایران میں ہونے والی ان گرفتاریوں کی لہر پر تشویش پائی جا رہی ہے۔












