فٹبال ورلڈ کپ: فیفا کا ایران کے میچز امریکا سے میکسیکو منتقل کرنے سے انکار

میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، تمام ٹیموں سے رابطے میں ہیں: ترجمان فیفا
شائع 18 مارچ 2026 02:22pm

فیڈریشن انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن (فیفا) نے فٹبال ورلڈ کپ 2026 میں ایران کے میچز امریکا سے میکسیکو منتقل کرنے سے انکار کردیا ہے، ترجمان کے مطابق میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، تمام ٹیموں سے رابطے میں ہیں جب کہ ایران کے وزیر کھیل نے ایونٹ کے بائیکاٹ کا عندیہ دے دیا ہے۔

خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ایران کی ورلڈ کپ 2026 کے میچز امریکا سے میکسیکو منتقل کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تمام میچز پہلے سے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔

فیفا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ ایران سمیت تمام شریک رکن ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ورلڈ کپ 2026 کے انتظامات پر بات چیت جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ 6 دسمبر 2025 کو جاری کردہ شیڈول کے مطابق ہی ٹیمیں اپنے میچز کھیلیں گی۔

دوسری جانب 28 فروری کو شروع ہونے والی امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے بعد ایران کی ورلڈ کپ میں شرکت پر خدشات پیدا ہوگئے تھے۔ ایران نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اپنے میچز امریکا کے بجائے میکسیکو میں منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔

گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران ٹیم امریکا آ سکتی ہے تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیکیورٹی کے پیش نظر ان کی موجودگی مناسب نہیں ہوگی۔

اس بیان کے ردعمل میں ایرانی فٹبال ٹیم نے سوشل میڈیا پر کہا تھا کہ کسی کو بھی ایران کی قومی ٹیم کو ورلڈ کپ سے باہر کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

ادھر ایرانی فٹبال فیڈریشن کے سربراہ مہدی تاج نے بھی کہا کہ جب امریکی صدر خود سیکیورٹی کی ضمانت نہیں دے سکتے تو ایران ٹیم امریکا کا سفر نہیں کرے گی، اسی لیے فیفا سے میچز میکسیکو منتقل کرنے پر بات چیت کی جا رہی ہے۔

ایران کے میکسیکو میں سفیر ابوالفضل پسندیدہ نے بھی امریکا کی جانب سے ویزا اجرا اور دیگر انتظامی تعاون میں کمی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔