ایران متحد ہے، دشمن اپنے مقاصد میں ناکام ہوچکا: مجتبیٰ خامنہ ای

ایران کے بہادرصدراورقوم کوسلام پیش کرتا ہوں، ایرانی سپریم لیڈرکا قوم کے نام پیغام
اپ ڈیٹ 20 مارچ 2026 09:14pm

ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ہمارا قومی اتحاد دشمن کو جھکنے پر مجبور کر دے گا۔ ایران جنگ کے باوجود متحد ہے اور دشمن اپنے مقاصد میں ناکام ہو چکا ہے، جبکہ انہوں نے پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ایرانی قوم نے مشکل حالات میں بھی روزہ اور جہاد کو ساتھ ساتھ جاری رکھا، جو ان کے عزم اور حوصلے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے ایرانی صدر اور قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران میں محاذ دشمن کے اندازوں سے کہیں زیادہ مضبوط ہے اور دشمن یہ سمجھتا تھا کہ قیادت کو نقصان پہنچانے کے بعد ایرانی قوم کمزور ہو جائے گی، تاہم ایسا نہیں ہوا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران اپنے ہر اُس شخص کے خون کا حساب لے گا جو حالیہ جنگ اور حملوں میں شہید ہوا ہے۔ اپنے شہداء کے خون کے بدلے کے حق سے ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے۔

ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ جنگ کے دوران قوم کا متحد رہنا انتہائی ضروری ہے، کیونکہ اتحاد ہی کامیابی کی اصل کنجی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دشمن خطے کے ممالک کے درمیان تعلقات خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

اپنے پیغام میں انھوں نے مزید کہا کہ ایران کسی عام شہری یا ملک کو نشانہ نہیں بنا رہا بلکہ صرف فوجی اڈوں کو ہدف بنایا جا رہا ہے اور یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران خطے میں امن چاہتا ہے تاہم اپنے دفاع اور شہداء کے خون کا بدلہ لینے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران اپنے ہمسایہ ممالک کو بہت اہمیت دیتا ہے اور خاص طور پر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہم سمجھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہتر تعلقات کا خواہاں ہے اور چاہتا ہے کہ تمام مسلم ممالک آپس میں اچھے روابط قائم رکھیں۔

بیان کے اختتام پر انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ ایرانی قوم متحد ہے اور دشمن کے تمام منصوبے ناکام بنائے جائیں گے۔