وزیراعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان
وزیراعظم شہبازشریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے قیمت نہ بڑھانے کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید قومی یکجہتی اور اجتماعی ذمہ داری کا درس دیتی ہے، اور خوشیاں اس وقت مکمل ہوتی ہیں جب انہیں دوسروں کے ساتھ بانٹا جائے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت ایک غیرمعمولی آزمائش سے گزر رہی ہے اور خطے میں جاری جنگ نے عالمی معیشت اور امن و استحکام کو متاثر کیا ہے۔
ان کے مطابق برادر ممالک کی توانائی تنصیبات پر حملوں نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے اور خدشہ ہے کہ بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں خلیجی تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، اور جو تیل چند ہفتے قبل 72 ڈالر فی بیرل تھا، وہ اب 158 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مارچ کے آغاز میں پیٹرول کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا تھا جس نے عوام پر بوجھ ڈالا، تاہم حکومت نے مزید اضافے کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔
شہباز شریف نے بتایا کہ انہیں پیٹرول میں 50 روپے اور ڈیزل میں 74 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی، مگر انہوں نے اسے منظور نہیں کیا، کیونکہ ایسے حالات میں قیمتوں میں اضافہ عام آدمی کی زندگی کو شدید متاثر کرتا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ موجودہ معاشی اور عالمی صورتحال کے باوجود عوام پر مزید بوجھ نہ ڈالا جائے اور ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا جائے۔
















