عطا تارڑ نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کردیا
وزیر اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ اس ہفتے پیٹرول کی قیمت میں 150 اور ڈیزل میں 250 روپے اضافہ روکا گیا، آنے والے دنوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید اوپر جا سکتی ہیں، ہم سب کو مل کر بچت کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل بنانا ہوگا۔
ہفتے کے روز وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں جاری تنازعات کے باعث عید کی خوشیاں مدھم پڑ گئی ہیں جب کہ عالمی سطح پر کشیدگی اور جنگی صورت حال کے باعث مالی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پورا خطہ اس وقت کشیدگی کا شکار ہے اور عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند ہفتوں میں ہی تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا تاہم وزیراعظم نے جرات مندانہ اور دانشمندانہ فیصلے کرتے ہوئے عوامی تکالیف کو مدنظر رکھا اور پیٹرول کی قیمتیں برقرار رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے 2022 کی نسبت بہتر فیصلے کیے ہیں اور کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کفایت شعاری کے ذریعے 27 ارب روپے خصوصی فنڈ کے لیے مختص کیے گئے ہیں جب کہ عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے سے گریز کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہوئے تاہم پہلے اضافے کے بعد عوام پر دوبارہ بوجھ نہیں ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سخت کفایت شعاری اپناتے ہوئے 60 فیصد گاڑیاں گراؤنڈ کر دیں اور تمام محکموں کے پیٹرول کے استعمال میں 50 فیصد کمی کی گئی ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ غیر ضروری سفر سے گریز کیا جانا چاہیے اور موجودہ پیٹرول ذخائر کو محفوظ رکھنا ضروری ہے جب کہ زرمبادلہ کے ذخائر کو بھی بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کو پیٹرول کی قیمتیں مزید بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی تاہم عید کے موقع پر عوام کو ریلیف دینے کے لیے قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے کفایت شعاری کے ذریعے اربوں روپے کی بچت کی ہے اور آئندہ بھی کوشش ہوگی کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے جب کہ حکومت عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ عالمی منڈی کے حساب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کیاجاتا ہے، ہمیں ہرحال میں تیل کی بچت کو ممکن بنانا ہے، اس ہفتے پیٹرول کی قیمت میں 150 اور ڈیزل کی قیمت میں 250روپے اضافہ روکاگیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید اوپرجاسکتی ہیں، ہم سب کو مل کر بچت کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل بنانا ہوگا۔














