حج پروازوں کا شیڈول جاری، پہلی پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی
وزارتِ مذہبی امور نے حج کے لیے پروازوں کا مکمل شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت پاکستان سے حجاج کرام کی پہلی پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 468 پروازوں کے ذریعے عازمینِ کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔
حکام کے مطابق رواں سال مجموعی طور پر ایک لاکھ 19 ہزار عازمین حج سرکاری اسکیم کے تحت ادا کریں گے، جن میں 67 ہزار 230 مرد اور 51 ہزار 846 خواتین شامل ہیں۔
حج آپریشن کے پہلے روز یعنی 18 اپریل کو عازمین چار پروازوں کے ذریعے مدینہ منورہ روانہ ہوں گے، یہ پروازیں کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے روانہ کی جائیں گی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمینِ حج کو حجازِ مقدس پہنچانے کا آپریشن 34 روز جاری رہے گا۔ اس آپریشن کے آغاز پر پہلے 15 روز عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا۔ مدینہ منورہ کے لیے 186 اور جدہ کے لیے 282 پروازیں چلائی جائیں گی ۔
حکام کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ کے لیے پہلی طویل حج پرواز 7 مئی کو روانہ ہوگی جبکہ پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو اڑان بھرے گی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج آپریشن میں پی آئی اے، ائیر بلیو، ایئر سیال اور سعودی فضائی کمپنی حصہ لے رہی ہیں۔ جس کے تحت پاکستان کے آٹھ شہروں سے حج پروازیں چلائی جائیں گی۔
پاکستان کے آٹھ شہروں سے حج پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، جن میں اسلام آباد سے 129، کراچی سے 124، لاہور سے 104، کوئٹہ سے 18، ملتان سے 34، سیالکوٹ سے 26، فیصل آباد سے 23 جبکہ سکھر سے 5 پروازیں شامل ہیں۔















